شہناز گنائی کے ہاتھوں ماڈل ہائر سکینڈری اسکول ساوجیاں کی نئی عمارت کا افتتاح

 منڈی//تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے سوموار کو ہائر سکینڈری اسکول ساوجیاں کی نئی عمارت کا افتتاح کیا – ہائر سکینڈری ساوجیاں میں قریب 400 طلاب زیرِ تعلیم ہیں جن کے لئے اب تک صرف تین کمرے ہی مہیّا تھے جس وجہ سے طالب علموں کے ساتھ اسکول کے عملہ کو بھی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن ڈاکٹر شہناز گنائی کی جانب سے نئی عمارت کے افتتاح کرنے کے بعد ان کی پریشانی کا ازالہ ممکن ہو پایا ہے – اس موقع پر افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شمولیت کی اور مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی کا شکریہ بجالایا – لوگوں کا کہنا تھا کہ جمّوں صوبہ میں ترقیاتی کام کاج کی ذمہ داری ہونے کے باوجود ڈاکٹر شہناز گنائی نے تحصیل منڈی کو ہر وقت اپنی ترجیحات میں رکھا – ان کا کہنا تھا کہ منڈی کے اس سرحدی علاقہ میں ممبر قانون ساز کونسل کی جانب سے جو کام کئے گئے ہیں ان کے لئے ہمارے پاس شکریہ کے لئے الفاظ نہیں ہیں – ان کا کہنا تھا کہ اس اسکول میں قابل عملہ ہے لیکن عمارت کی کمی کے باعث وہ  دشواریوں کا سامنا کر رہے تھے لیکن ڈاکٹر شہناز گنائی کی جانب سے اس عمارت کا عطیہ عوام ساوجیاں کبھی نہیں بھول پائے گی کیونکہ تعلیمی نظام میں بہتری کی خاطر یہ قدم نہایت ضروری تھا – انھوں نے مزید کہا کہ ہم ہر محاذ پر ممبر قانون ساز کونسل کے شانہ بہ شانہ چلنے کے لئے تیار ہیں اور یہ بھی ہر گھڑی ہمیں اپنے ساتھ پائیں گی – اس موقع پر پی ڈی پی کے سینئر رہنما شمیم احمد گنائی بھی موجود تھے جنہوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ آج سے پہلے بھی متعدد لوگوں کے پاس اقتدار تھا لیکن وہ دور اندیش نہیں تھے جس کا نتیجہ یہ رہا کہ وہ چھوٹی سطح کی سیاست میں پھنسے رہے اور ایسے کام جس سے پورے علاقہ اور ان کی نسلوں کو فائدہ ہوتا وہ مستفید رہے – ان کا کہنا تھا کہ ساوجیاں کی عوام میں جو ہوشیاری پیدا ہوئی ہے اور آج وہ اسکولوں لیبارٹری اور اپنے حقوق کی بات کر رہے ہیں تو وہ سوچ اگر کسی نے ان میں بیدار کی ہے تو وہ ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی ہے وگرنہ یہاں کی عوام سرحد کی جانب نظر رکھے ہوا کرتی تھی کہ کب اور کس وقت گولہ باری ہو گی اور وہ اپنے بچنے کا طریقہ تلاش کریں – پیر نثار اور عوامی ڈولپمنٹ فرنٹ کے چیرمین مولوی فرید ملک کے علاوہ متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے شہناز گنائی کی دور اندیشی اور ساوجیاں کو ترجیح  دینے کے لئے ان کا شکریہ بجالایا – ممبر قانون ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے بھی اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دراصل ساوجیاں کی عوام اسکول کی اس نئی عمارت کے لئے مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے وقت پر اس علاقہ کے لوگوں اور بچوں کی پریشانی کی طرف میری توجہ دلائی- ان کا کہنا تھا کہ مقصد یہ نہیں کہ اپنے نام کا پتھر لگا کر عوام کو خوش کیا جائے بلکہ مقصد یہ ہے کہ یہاں کی جو پریشانی ہے اس کا ازالہ کیا جائے تاکہ یہاں کی عوام اور بچے ریاست کے دیگر علاقوں کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کر سکی – انھوں نے اس موقع پر جیتے ہوئے تمام سرپنچوں اور پنچوں کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میں ہر وقت عوام کی خدمت کرنے کے لئے حاضر ہوں اور یہ امید کرتی ہوں کہ خدا ہمیں وہ دن بھی دکھائے جب ہم مکمل طور پر اپنے ضلع کی ترقی اور لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ کر سکیں –