شہناز گنائی کی پونچھ کے عازمین حج سے ملا قات

پونچھ //سابقہ ممبر ریاستی حج کمیٹی و سابقہ ایم ایل سی اور ریاستی وقف کونسل کی رُکن ڈاکٹر شہناز گنائی نے گزشتہ روز حج ہائوس سرینگر میں ریاست کے مختلف علاقوں بالخصوص ضلع پونچھ کے عازمین حج سے ملاقات کی۔ اس دئوران موصوفہ نے عازمین کی صحت و سلامتی اور خیر و عافیت کے علاوہ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ اُنہوں نے ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان ظاہر کیا ۔ اس دئوران ضلع پونچھ کے عازمین نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ ضلع پونچھ کی انتظامیہ کی جانب سے اُن کی بس کے ساتھ نہ ہی حفاظتی دستہ روانہ کیا گیا اور نہ ہی محکمہ صحت عامہ کی ایمبو لینس بھیجی گئی۔ علاوہ ازیں ضلع پونچھ کے تقریباً آٹھ افراد پر مشتمل عازمین کے ایک قافلے نے بتایا کہ اُن کی حج فلائٹ تقریباً چھ دِن بعد روانہ ہوگی تاہم پونچھ انتظامیہ نے اُنہیں چھہ روز قبل ہی روانہ کر دیا ہے جو انتظامیہ کی بد نظمی کو ظاہر کرتا ہے۔ڈاکٹر موصوفہ نے عازمین کو یقین دلایا کہ اس بابت وہ ضلع انتظامیہ سے ضرور بات کریں گی تاکہ آئندہ کسی قسم کی بد نظمی کا اندیشہ تک نہ رہے اور اس خاطر وہ ریاستی حج و اوقاف محکمہ کے اعلیٰ حُکام سے بھی تفصیلاً بات چیت کریں گی۔ دریں اثنا اُنہوں نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ سفرِ محمود کے دئوران مُلک و مِلت اور ریاست کی امن سلامتی کے لئے خصوصی دُعافرمائیں۔ موصوفہ نے عازمین کو سفرِ محمود کے لئے نیک خواہشات اور دُعائوں کے ساتھ الودع کیا۔