شہناز گنائی کی صدارت میں ’وومن کنونشن‘ کا اہتمام

پونچھ//سابق ممبر قانون سا زکونسل ڈاکٹر شہناز گنائی کی صدارت میں ڈاک بنگلہ پونچھ میں خواتین کا یک روزہ کنونشن منعقد ہواجس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے شہناز گنائی نے کہاکہ خواتین ملک کی نصف آبادی ہیں مگر انہیں اپنے برابری کی سطح تک پہنچنے کیلئے ابھی بہت کچھ کرناہے ۔ان کاکہناتھاکہ خواتین کے ذریعہ جائیداد کی رجسٹریشن کے حکمنامے کو ختم کرنا گورنر انتظامیہ کا افسوسناک فیصلہ ہے ۔ان کاکہناتھاکہ خواتین کے نام پر جائیداد کی رجسٹریشن مفت کرنے کے فیصلے کی بڑے پیمانے پر سراہنا ہوئی تھی اور یہاں تک کہ اقوام متحدہ کی ایک ایجنسی نے بھی اسے خواتین کی بااختیاری کیلئے بہت بڑا اقدام قرار دیا۔انہوں نے گورنر انتظامیہ کے حالیہ فیصلہ کی سراہنا کی جس میںبیلٹ فورس میں دو خواتین بٹالین قائم کرنے کاکہاگیاہے تاہم انہوں نے کہاکہ اس میں حد متارکہ کے قریب رہنے والی خواتین کو خصوصی ریزرویشن دی جائے ۔شہناز نے کہاکہ سرکاری اداروں میں خواتین کی ملازمت کی شرح بہت ہی کم ہے اور خواتین کیلئے بیس فیصد ریزرویشن رکھی جائے ۔