شہنازگنائی کادیرہ دلیاں میں عوام کے ساتھ اجلاس

پونچھ //سابق ایم ایل سی شہنازگنائی نے پونچھ ضلع کے دوردرازگائوں دیرہ دلیاں میں ایک میٹنگ منعقدکی جس میں سرپنچوں پنچوں بشمول سرپنچ مسرت قاضی ،پنچ جاوید ،معروف،ہرویندرسنگھ،منظورقادری، چوہدری سائیں ،چوکیداروں ودیگرمعززین نے شرکت کی۔ اس دوران شہنازگنائی نے نومنتخب سرپنچوں وپنچوں کومبارکبادپیش کی اورکہاکہ آپ پرلوگوں نے بھروسہ کیاہے اوراس بھروسے کوآپ برقراررکھیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ کی کارکردگی اورسنجیدگی ہی آپ کی کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دیہات میں بنیادی سہولیات مثلاً بجلی ،پانی ،سڑکوں ،طبی سہولیات وغیرہ کی کمی ہے۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میں کوئی بھی سب سنٹریاپی ایچ سی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہائی سکول دیرہ دلیاں میں عملہ کی کمی ہے اس لیے پنچایت نمائندوں کوچاہیئے کہ وہ علاقہ کے لوگوں کے مسائل کاازالہ کروائیں اورتعمیروترقی کیلئے تندہی سے کام کریں۔شہنازگنائی نے کہاکہ پنچایتی نظام میں گائوں سطح پرلوگوں کے مسائل کاحل نکالاجاتاہے ۔انہوں نے حکومت پرزوردیاکہ پونچھ کے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس کے علاوہ شہنازگنائی نے حکومت سے اپیل کی کہ قانون سازکونسل میں پاس شدہ بل کوعملی جامہ پہناکرسرحدی علاقوں کے لوگوں کوپانچ مرلہ اراضی واگزارکروائی جائے۔