شہلال ہندوارہ میں آگ | سرکاری پرائمری اسکول اور رہائشی مکان خاکستر

کپوارہ // شمالی کشمیر کے شہلال ہندوارہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں سر کاری پراِئمری اسکول ،بالن شیڈ اور ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگئے ۔ بدھ کی شام دیر گئے مشتاق احمد بٹ کے بالن شیڈ سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک رہائشی مکان اور ایک اسکولی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ اس وقت نمودار ہوئی جب نمازعشاء کیلئے لوگ مسجد کی طرف جارہے تھے۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے ایک گورنمنٹ پراِئمری اسکول کی عمارت اور محمد اسحاق گنائی نامی شخص کا رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔ اگر چہ مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ اس قدر زوردار تھی کہ کارروائی بے سود ثابت ہوئی۔ اس دوران فائر ٹنڈر کی گاڑیاں پولیس اور فوج  جائے واردات پر  پہنچ گئے اور آگ کو بجھانے کی  انتھک کوشش کی تاہم بالن شیڈ اور اسکولی عمارت مکمل طور خاکستر ہوگئی جبکہ رہائشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔فائر اینڈ ایمر جنسی کی بر وقت کارروائی سے باقی بستی کو بچا گیا۔