شہر کے متعدد علاقوں میں ٹریفک جام

 سرینگر// گذشتہ کئی دنوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں گیسوتراشی کے واقعات پیش آنے کے بعد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور مرد و زن سڑکوں پر نکل کر احتجاجی دھرنے دیتے ہیں جس کی وجہ سے سول لائنز اور دیگر علاقوں میں ٹریفک جام دیکھنے کو مل رہا ہے ۔بدھ کو بھی شہر سرینگر میں کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے جس دوران مسافر گاڑیوں نے متبادل روٹوں کا استعمال کیا اور اس کے ساتھ ہی سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئیں ۔احتجاج کی وجہ سے جہاں اندرونی علاقوںمیں ٹریفک کی نقل و حمل رک جاتی ہے وہیں نزدیکی علاقوں میں ٹریفک جام ہوجاتا ہے ۔بدھ کو ایس ڈی کالونی بٹہ مالومیں پراسرار طریقے سے بال کاٹنے کا  چوتھاا واقعہ پیش آیا اورواقعے کے خلاف لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدرفت بھی مسدود ہو کر رہ گئی۔ بابہ ڈیمب میں بھی لوگوں نے چوٹیاں کاٹے جانے کی مسلسل وارداتوں پر کے خلاف احتجاج کے دوران ملحقہ علاقوں میں ٹریفک جام ہوا ۔ بوٹ کالونی بمنہ میں بدھ کی صبح سینکڑوں لوگوں نے دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمدورفت مسدود کردی جس کی وجہ سے بائی پاس پر ٹریفک جام ہوا ۔شہر میں گذشتہ کئی دنوں سے گیسوتراشی کے واقعات کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل رک جاتی ہے اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک جام ہوجا تا ہے۔