شہر میں گاڑیوں کی نقل و حرکت میں کمی

سرینگر // شہر کے پمپوں پر پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے سبب شہر کی سڑکوں پر منگل کو بھی گاڑیوں کی بہت کم تعداد دیکھی گئی اور زیادہ تر ڈرائیوروں نے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی ۔شہر سرینگر کے شمال وجنوب کی سڑکوں پر منگل کو بہت کم تعداد میں گاڑیوں کو چلتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ کئی ایک علاقوں کے لوگوں کو بھی اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ۔معلوم رہے کہ شہر سرینگر اور دیگر علاقوں میں سرینگر جموں شاہراہ کے مسلسل بند ہونے کے سبب پٹرول اور ڈیزل کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور منگل کو بھی لالچوک ، بائی پاس ، ڈلگٹ ، سونہ وار اور دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں گاڑیوں کو پیٹرول پمپوں کے باہر ایندھن بھروانے کیلئے کھڑا دیکھا گیا ہے جبکہ شہر میں اس وجہ سے بہت کم تعداد میں گاڑیاں سڑکوں پر چلتی ہوئی دیکھی گئیں ۔کئی ایک ڈرائیوروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شہر کے کسی بھی پیٹرول پمپ سے انہیں پٹرول اور ڈیزل حاصل نہیں ہو رہا ہے جس سے وہ گاڑیوں کا استعمال کرنے سے قاصر ہیں ۔تنویر احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ اُس نے اپنی گاڑی کو گھر میں ہی بند کر کے رکھا ہے ۔اُس کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے تین روز سے شہر کے مختلف پمپوں پر گیا ہے لیکن اُس کو تیل نہیں ملا ۔لوگوں نے بتایا کہ انہیں کسی بھی پٹرول پمپ سے پچھلے تین دن سے پٹرول اور ڈیزل نہیں ملا ہے ۔