شہر میں سڑکوں کا حال بے حال، عوام پریشان

سرینگر // شہرسرینگر میں سڑکوں کی ابتر صورتحال کی وجہ سے عوام کومشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔سڑکوں کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر لوگ مجبور ہو رہے ہیں۔ حالیہ برف باری کے نتیجے میں جہاں سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ بن چکی ہے وہیں پر شہر سرینگر میں بیشترسڑکوںپر گہرے کھڈ بن گئے ہیں جس کے باعث عوام کے جان و مال کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔ مختلف جگہوں پر سڑکوں کی ابتر حال کی وجہ سے لوگوں کوآنے جانے میں بڑی مشکلات سے دو چار ہو نا پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں منٹوں کا سفر گھنٹو ں میں کرنا پڑ رہا ہے۔ جہانگیر چوک سے شہد گنج اور کرن نگرتک لوگوں کوآنے جانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حبہ کدل علاقہ میں سڑکوں کی خراب صورتحال کی وجہ سے راہ چل رہے مسافروں کو بھی دقتوں سے سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بٹہ مالو سرینگر کی خستہ حال سڑکیں مقامی آبادی کےلئے وبال جان بنی ہوئی ہیں سڑکوں پر جگہ جگہ کھڈے پیدا ہو چکے ہیں جبکہ بارشوںکے دوران یہ سڑکیں تالابوںکی شکل اختیار کرتی ہیں۔مین بازار بٹہ مالو، زیارت شریف بٹہ مالو، شیح داود کالونی، فردوس آباد، داندرکھاہ کے علاوہ دیگر کئی سڑکیں انتہائی خستہ حالت میں ہیں ۔مقامی شہری رمیض احمد نے بتایا کہ سڑکیں پہلے سے ہی خراب حالت میں تھیں اور اب حالیہ برف باری اور بارشوں کی وجہ سے علاقہ میںسڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہوئی ہے۔بلال احمد نامی شہری نے بتایا کہ بٹہ مالو شہر کا ایک ایسا علاقہ ہے جہاں سے پوری وادی کےلئے گاڑیاں روانہ ہوجاتی ہیں لیکن اسکے باوجود حکومت یہاں کی سڑکوں کی تعمیر و تجدید کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ا±ن کا کہنا تھا کہ یہ سڑکیں معمولی بارشوں کے بعد ہی تالابوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیںجس کے نتیجے میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کا عبور و مرور تقریباً نا ممکن بن جاتا ہے۔مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ مقامی تاجروں نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ سڑکوں کی مرمت کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔