شہر سرینگر کی 95فیصد سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام مکمل: چیف انجینئر

سرینگر//شہر سرینگر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے چیف انجینئرآراینڈ بی کشمیر نے کہا ہے کہ شہر سرینگر کی 95فیصدمین سٹرکوں پر میکڈم بچھایا گیا ہے جبکہ شمالی و جنوبی کشمیر کی سڑکوں کی تجدید ومرمت کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ چیف انجینئر نے کہا کہ سڑکوں پر جو میکڈم بچھایا جاتا ہے متعلقہ ٹھیکیدار اس کیلئے تین برسوں تک ذمہ دار ہوتا ہے اور ان تین برسوں تک اگر میکڈم واپس اُکھڑ جاتا ہے تو اس کو پھر سے اس کی مرمت کرنی ہوگی ۔چیف انجینئر شوکت گیلانی نے کہا ہے کہ شہر سرینگر میں اس وقت سڑکوں کی تجدید و مرمت کا کام زوروں پر ہورہا ہے اور شہر کی مین سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام قریب 95فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سونہ وار سے بٹہ مالو تک سڑک پر میکڈم بچھانے کا کام مکمل ہوا ہے جبکہ شہر خاص کی سڑکوں پر بھی کام چل رہا ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ شہر کی جو اندرونی سڑکیں میونسپلٹی کے تحت آتی ہیں اور میونسپل کارپوریشن سرینگر بھی ان سڑکوں کی تجدید و مرمت کا کام شروع کرے گی ۔ انجینئر شوکت گیلانی نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے محکمہ میں ورک کلچر میں کافی تبدیلی آچکی ہے ہمارے ملازمین بشمول انجینئر مستعدی سے ڈیوٹی پر ہوتے ہیں اور سڑکوں کی تعمیر و تجدید کے کام کی خود نگرانی کرتے ہیں۔سی این آئی