شہر سرینگرمیں ترقیاتی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے انتظامیہ متحرک: شاہد اقبال

سرینگر//ضلع انتظامیہ سرینگر نے تمام لائین محکموں کے آفیسران کو پروجیکٹوں اوراقدامات کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ شہری مسائل کے حل کے لئے فوری طور راہ ہموار کی جاسکے۔لائین محکموں کو کو سرینگر شہر کو اس کی ضرورتوں کے مطابق نئی شکل دینے تیار رہنے پر بھی زوردیا گیا ہے۔یہ ہدایات تمام متعلقہ محکموںکے آفیسران کی ایک میٹنگ میں دی گئیں جو کہ ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔لائین محکموں سے کہا گیا کہ گورنر انتظامیہ شہر کے مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل میں سرعت لانے کی طرف ٹھوس اقدامات کرنا چاہتی ہے اوراس سلسلے میں تجاویز بھی طلب کئے جارہے ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ساری تجاویز ایک جامع ترقیاتی منصوبے کے تحت ہونی چاہیں جن سے شہر سرینگر میں طویل مدتی بنیادی پر اقدامات کئے جاسکیں۔انہوںنے کہا کہ سرینگر شہر کو چونکہ کئی مسائل کا سامنا ہے، اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مسائل کے حل کے لئے جامع منصوبہ ترتیب دینے کے علاوہ ترقیاتی کاموں کی عوامی ضرورتوں کے مطابق رہنمائی کی جاسکے۔ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے ایسے کئی علاقوں کا ذکر کیا جنہیں ملحوظ نظر رکھ کر سرینگر شہر کو تیز تر بنیادوں پر قیاتی عمل کی طرف گامزن کیا جاسکتا ہے ۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر سرینگر اورتمام محکموں کے سینئر آفیسران بھی موجود تھے۔