شہر خاص کی بیشتراندرونی اوررابطہ سڑکیں تعمیرو تجدید کی منتظر

سرینگر //دو ماہ قبل محکمہ آر اینڈ بی نے اگرچہ شہر خاص کی بیشتر سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام شروع کیا تھا تاہم زیادہ تر اندرونی اور اہم رابطہ سڑکیں ابھی بھی تعمیرو تجدید کی منتظر ہیں اور کھنڈرات بنی سڑکوں پر تارکول بچھانے میں محکمہ کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھا رہا ہے جس کے سبب مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہر خاص سے آئے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 2ماہ قبل محکمہ نے بیشتر سڑکوں پر تارکول بچھانے کا کام کیا لیکن بعد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ کام روک دیا گیا اور اکثر سڑکیں جو نالہ مار سے منسلک ہیں اُن کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا ہے ۔وفد کے مطابق علی کدل ، بدگیر ، کائو ڈارہ سے نرورہ عید گاہ ، ڈانگر پورہ سے ،عیدگاہ کی اندروانی سڑکیں ایسی ہیں جو کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں ،اسی مصروف ترین علی جان سڑک جو سعدکدل سے زونی مر اور صورہ جاتی ہے اس کی حالت بھی قابل رحم ہے جبکہ بادام واری اورمخدوم صاحب جانے والی اندورانی سڑکیں بھی خستہ ہیں ۔وفد نے بتایا کہ شہر خاص کی حالت اتنی ہی خراب نہیں ہے بلکہ جن سڑکوں کو ڈرنیج سسٹم نصب کرنے کیلئے امرت سکیم کے تحت کھودا گیا تھا اُن کی مرمت بھی دو برسوں میں مکمل نہیں ہو سکی ہے اور اس جانب بھی کوئی دھیان نہیں دیا جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ شہر خاص کی جانب دھیان دے کر تباہ حال سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے اقدامات اٹھاے جائیں تاکہ لوگوں کو عبورومرور کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔