سرینگر //شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں خستہ حالت سڑکوں اور ناقص ڈرینیج نظام کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ شہر خاص کے خانیار ، رعناواری ، گوجورہ ، راجوری کدل ، کائوڈورہ ، نواکدل اور اسکے گردنواح علاقوںکی مین سڑکیں اور گلی کوچے خستہ ہیں۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ شہر خاص کے مذکورہ علاقوں میں پانی کی ترسیلی پائیں اور ڈرنیج نظام کی تعمیر کے دوران سڑکوں کو کھودا گیا مگر بعد میں سڑکوںپر میگڈم نہیں بچھایا گیا جسکی وجہ سے شہر خاص کے بیشتر علاقوں کی سڑکیں ، گلی اور کوچے بارشوں کے دوران تالیوں میں تبدیل ہوجاتی ہیں۔ شہر خاص کے کائوڈارہ میں رہنے والے معراج الدین نے بتایا کہ پچھلے 20سال سے شہر خاص کے بیشتر علاقوں کی سڑکوں کو نظر انداز کیا گیا ہے حالانکہ اس عرصہ کے دوران کئی دفعہ پانی کی ترسیلی پائپیں اور ڈرینیج نظام تعمیر کیا گیا مگر سڑکوں میں میکڈم چند مخصوص علاقوں میں ہی بچھایا گیا ۔مذکورہ شہری نے کہا کہ علاقے کے لوگوں نے کئی دفعہ متعلقہ محکمہ جات کے دروازے کھٹکھٹائے مگر ہر بار یقین دہانیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملا ہے۔ شہر خاص کے نالہ مار روڑ سے کائوڈارہ اور کاوڈارہ سے نرورہ جانے والے راستے کی پچھلے کئی سال سے مرمت نہیں ہوئی ہے جبکہ راجوری کدل سے سازگری پورہ کی سڑک پچھلے 20سال سے حکام کی نظروں سے اوجھل ہے۔ گوجوارہ سرینگر کے رہنے والے فیضان احمد نے بتایا کہ گوجوارہ چوک کی اہمیت سے کسی کوبھی انکار نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ سڑک نوہٹہ کو صورہ سے اور راجوری کدل کو کاٹھی دروازہ سے جوڑ تی ہے ، پچھلے کئی سال سے کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے۔ فیضان احمد نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں نے کئی بار گوجوارہ چوک میں موجود کھڈوں کے بارے میں متعلقہ محکمہ جات کو اطلاع دی مگر کسی بھی محکمہ نے سڑک کی تعمیر پر دھیان نہیں دیا ۔ کاو ڈارہ اور شہر خاص کے مقامی لوگوں نے اعلیٰ افسران سے مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ شہر خاص کی سڑکوں کی مرمت کرکے لوگوں کو راحت پہنچائیں۔
شہر خاص میں بیشتر سڑکوں کی حالت قابل رحم
