سرینگر// نیشنل فرنٹ نے اپنے ایک بیان میں بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ تعمیری بات چیت کے ذریعے دیرینہ تنازع کشمیر حل کرنے کی سعی کریں جس نے جنوب ایشیائی خطے کے استحکام کو انتہائی خطرے میں مبتلاء کر رکھا ہے۔بھارت اور پاکستان کے درمیان سبھی تنازعات بشمول کشمیر کے حل کی واحد صورت آپسی بات چیت میں ہی مضمر ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تنازعہ کشمیر حل کرکے ہی کشمیر کے لوگوں کی عزت اور وقار کو بحال کیا جاسکتا ہے۔متنازعہ خطے کے اندر بھارتی فورسز کے ہاتھوں حالیہ شہری ہلاکتوں سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ نئی دلی نے وردی پوش اہلکاروں کو کشمیر کے اندر کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ ایسا کرکے کشمیر کی بگڑی صورتحال انتہائی سنگین بن گئی ہے اور حالات تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔چونکہ بھارتی فورسز کو معلوم ہے کہ ہلاکتوں کے سلسلے میں اُن سے کوئی پوچھ تاچھ نہیں ہونے والی ہے ۔اس ناپرسانی کی صورتحال نے ماضی میں بھی حالات کو ابتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اگر اس پر فوری طور پر قابو نہیں پایا گیا تو اس وقت بھی حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں جس کی ساری ذمہ داری نئی دلی پر عاید ہوگی۔بھارت کو چاہئے کہ وہ کشمیری عوام کے عزت کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کرے اور کشمیری عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کوپورا کرنے کیلئے ٹھوس سیاسی اقدام کرے۔
شہری ہلاکتوں سے صورتحال سنگین
