شہری وقف ترقیاتی سکیم

ڈاکٹر شجاعت علی قادری
سینٹرل وقف کونسل کی نئی سکیم ‘شہری وقف املاک ڈیولپمنٹ سکیم’ سے ایک نئی تصویر سامنے آرہی ہے۔ ملک میں بڑے پیمانے پر مثبت تبدیلیاں نظر آرہی ہیں اور کرناٹک کو اس سکیم سے سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔ کرناٹک میں اس سکیم کے تحت اب تک 96 پروجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں، جب کہ دہلی کی حالت سب سے زیادہ خستہ ہے۔

آج ہم اس بارے میں بات کریں گے کہ سینٹرل وقف کونسل کی اربن وقف پراپرٹی ڈیولپمنٹ سکیم کیا ہے اور یہ سکیم مسلمانوں کے لیے کس طرح فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے۔اس سکیم کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ مختلف وجوہات کی بناء پر ملک کے بیشتر اوقاف کی آمدنی محدود ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ متولی (اوقاف کے منتظم) کے لیے عموماً ان مقاصد کو پورا کرنا مشکل ہوتا ہے جن کے لیے یہ اوقاف بنائے گئے تھے۔ زیادہ تر شہری وقف اراضی میں ترقی کے امکانات ہیں لیکن متولی اور یہاں تک کہ وقف بورڈ بھی ان زمینوں پر جدید فنکشنل عمارتوں کی تعمیر کے لیے خاطر خواہ وسائل جمع کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

وقف بورڈ کی مالی حالت کو بہتر بنانے اور انہیں اپنے فلاحی کاموں کا دائرہ بڑھانے کے قابل بنانے کے لیے، یہ سکیم خالی وقف اراضی کو قبضہ سے بچانے اور اقتصادی طور پر قابل عمل پروجیکٹوں کو تیار کرنے کے مقصد سے وضع کی گئی ہے۔ ‘شہری وقف املاک ڈیولپمنٹ سکیم’ کا مقصد ان خالی لیکن مفید وقف املاک کو زیادہ سے زیادہ آمدنی پیدا کرنا اور فلاحی سرگرمیوں کو وسیع کرنا ہے۔

اس سکیم کے تحت ملک کے مختلف وقف بورڈز اور وقف اداروں کو وقف اراضی پر معاشی طور پر قابل عمل عمارتوں جیسے تجارتی کمپلیکس، شادی ہال، ہسپتال، کولڈ سٹوریج وغیرہ کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضے دیئے جاتے ہیں۔ سینٹرل وقف کونسل اس سکیم کو 1974-75 سے وزارت اقلیتی امور کی سالانہ گرانٹ ان ایڈ کے ساتھ نافذ کر رہی ہے۔ اس سکیم کے تحت مرکزی حکومت نے ستمبر 1974 سے مارچ 2021 کے درمیان کل 6293.66 لاکھ روپے کی گرانٹ ان ایڈ جاری کی ہے اور اس کے بدلے میں سینٹرل وقف کونسل نے 155 پروجیکٹوں کو بلاسود قرضے دیے ہیں۔ سال 2017 میں تشخیص کے بعد معلوم ہوا کہ مذکورہ سکیم کو کم از کم مزید دس سال تک جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وقف املاک کی کافی تعداد میں ترقی کی جاسکے۔

ریاستوں نے اپنے وقف بورڈ کے ذریعے اس سکیم پر رائے دی اورموجودہ سکیم پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیبر اکنامکس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (NILERD)، نئی دہلی کی جانب سے دی گئی سفارشات کو شامل کرکے اس سکیم کو جاری رکھنے کو کہا گیا ہے اور اس کا نام شہری وقف سمپدا وکاس یوجنا (SWSVY) میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اس سکیم سے اب تک جس ریاست کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے، وہ کرناٹک ہے جس نے اب تک 21 کروڑ روپے سے زیادہ کی گرانٹ حاصل کی ہے، جب کہ حیرت انگیز طور پر سب سے کم گرانٹ دہلی نے اٹھایا ہے۔ اس سکیم کے تحت دہلی نے پچھلے 46 برسوں میں آج تک صرف ساڑھے پانچ لاکھ روپے کا فائدہ اٹھایا ہے۔

ایسا صرف دو بار ہوا کہ مرکز ی حکومت نے اس سکیم میں کوئی مدد نہیں کی۔ پہلی بار 2008 میں اور دوسری بار 2010 میں۔ اس دوران مرکز میں منموہن سنگھ کی حکومت تھی۔ سال 2014 سے اس سکیم میں تقریباً مسلسل اضافہ کیا گیا ہے۔ مرکز میں نریندر مودی کی حکومت آنے کے بعد ‘شہری وقف املاک ڈیولپمنٹ سکیم’ پر سال 2014 میں 2.74 کروڑ روپے، 2015 میں 2.65 کروڑ، 2016 میں 2.79 کروڑ، 2017، 1918 اور 2018 میں ہر سال 3.16 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ 2020 میں 3 کروڑبجٹ روپے۔ آج اس سکیم کے تحت ملک بھر میں 27 بڑے پروجیکٹوں میں کام جاری ہے۔ مجموعی طور پر 13 منصوبوں کو ریوالونگ فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔

اب تک آندھرا پردیش میں 8، بہار میں 10، چھتیس گڑھ میں 1، گجرات، ہریانہ اور جھارکھنڈ میں 2،2، کرناٹک میں 96، کیرالہ میں 29، مدھیہ پردیش میں 21، مہاراشٹرا میں 5، منی پور میں 5، اڈیشہ میں 15، پنجاب میں 4، راجستھان میں 3، تمل ناڈو میں 28 اور اتر پردیش میں 10پروجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں۔ سب سے اچھی ریاست کرناٹک ہے جبکہ دہلی کی حالت سب سے خراب ہے۔

ہندوستان میں وقف بورڈ مسلمانوں کی خیراتی املاک کی حفاظت کے مقاصد بنائے گئے ہیں۔ سینٹرل وقف کونسل ایک قانونی ادارہ ہے جو وزارت اقلیتی امور کے انتظامی کنٹرول کے تحت 1964 میں قائم کیا گیا تھا جو کہ وقف بورڈ کے کام سے متعلق امور پر مرکزی حکومت کو ایک مشاورتی ادارہ کے طور پر قائم کیا گیا تھا جیسا کہ وقف ایکٹ 1954 میں فراہم کیا گیا ہے۔ ‘سینٹرل وقف کونسل’ پہلے سے رائج مسلم وقف توثیق ایکٹ 1913 میں اصلاحات کے ساتھ وجود میں آئی۔ آج اس کونسل نے اپنے طریقہ کار کے ساتھ بہت خاص تجربات کیے ہیں۔ سینٹرل وقف کونسل کو ایک مستقل یونٹ کے طور پر قائم کیا گیا تھا تاکہ ملک میں وقف کے مناسب انتظام سے متعلق مسائل پر مشورہ دیا جا سکے۔

 (مضمون نگار ایک آزاد صحافی اور مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا کے چیئرمین ہیں)