عظمیٰ نیوز سروس
کنگن/ صحت افزا مقام سونہ مرگ میں ہفتہ کو امریکہ سے سیرو تفریح پر آئی ایک خاتون سیاح کی موت واقع ہوئی۔ 61 برس کی لانا میری زوجہ جیپ چارلس ساکن امریکہ سونمرگ کے ایک ہوٹل میں اچانک بیمار ہوگئی جس کے فورا بعد مذکورہ خاتون کو علاج و معالجہ کے لئے پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیااور پولیس نے معاملے کی مزید کارروائی شروع کی۔ادھر پہلگام میں ہفتہ کو گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہو گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک 63 سالہ خاتون، جس کی شناخت گجرات کی رہائشی ونگکر اناگہ زوجہ مہیش کے طور پر ہوئی ہے، پہلگام کے ایک ہوٹل میں ہفتہ کی صبح بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی اور اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ادھر ٹہاب پلوامہ میں کل شام ایک 16سالہ نوجوان نے خود کو پھانسی دیکر خود کشی کی ۔پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔اس دوران ننت ناگ ضلع میں سنیچر کو بس سے پھسل کر ایک شخص کی جان چلی گئی۔اس کی شناخت سبزار احمد خان (35) ولد مرحوم محمد شعبان خان ساکن کپرن کے طور پر ہوئی ہے، جو کہ ایک سرکاری بس JK01Y 2540 پر سفر کر رہا تھا، کپرن اننت ناگ میں گاڑی سے پھسل کر شدید زخمی ہو گیا۔اسے شدیدزخمی حالت میں جے ایم سی اننت ناگ لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔