شہریت ترمیمی قانون۔۔۔۔ سپریم کورٹ کا فوری سماعت کرنے سے انکار

نئی دہلی// سپریم کورٹ نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سماعت جلد کرنے کا مطالبہ جمعرات کے رو ز مسترد کر دیا ۔ کچھ عرضی گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل کَپل سبل نے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے کی سربراہی والی بنچ کے سامنے معاملے کا خصوصی ذکر کیا اور جلدی سماعت کے لئے تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی ۔عدالت نے کہا‘‘ سبري مالا معاملے میں خواتین کے حقوق بنام مذہبی روایت معاملے کی سماعت کے بعد اسے سنا جائے گا ۔ آپ ہولی کی چھٹی کے بعد پھر تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کریں’’ ۔ اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی حکومت اگلے ہفتے اپنا جواب داخل کر دے گی ۔ ادھر ہائی کورٹ میں دلی پولیس کی جانب سے جو جواب داخل کیا گیا  ہے  اس میں بتایا گیا کہ دلی فسادات میں 53افراد ہلاک ہوئے۔ا سکے علاوہ 400سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ کورٹ کو مزید بتایا گیا کہ پولیس نے 654تشدد کے واقعات کے سلسلے میں 1820افراد کو گرفتار یا جیل بھیج دیا ہے۔کورٹ نے دلی پولیس کو ہدایات دیں  کہ تشدد کے دوران جو بھی غیر شناخت شدہ  افراد اسپتال لائے گئے اور جن کی موت واقع ہوئی، ان کے بارے میں  پوری تفصیلات مشتہر کی جائیں۔