بارسلونا/سپین اور بارسلونا کے شہرہ آفاق فٹ بالر آندریس انیسٹا نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ 40 سالہ فٹ بال سٹار نے فیفا ورلڈ کپ فائنل 2010ء میں وننگ سکور کرکے سپینش ٹیم کو چیمپئن بنوایا تھا۔ انہوں نے 2002ء میں ڈیبیو کیا 131 میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ، وہ یورپین چیمپئن شپ 2008ء اور 2012ء کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ رہے، انیسٹا نے مجموعی طور پر 29اعزاز اپنے نام کئے، 9 لالیگا اور 4 چیمپئنز لیگ ٹائٹلز بھی ان کے کریڈٹ میں شامل ہیں۔ بارسلونا میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران انیسٹا نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد فٹ بال سے الگ نہیں ہو سکتا، یہ میری زندگی ہے اور آخری دم تک اس کھیل کا حصہ رہوں گا، کوچنگ کی طرف جانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ اس موقع پر وہ آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ یہ غم کے نہیں بلکہ خوشی کے آنسو ہیں، اپنے ملک کی نمائندگی میرے لئے اعزاز کی بات ہے، یہ آنسو ایک چھوٹے سے گائوں کے اس لڑکے کے ہیں جس کا خواب ایک فٹ بالر بننا تھا اور کافی محنت ، لگن اور قربانیوں کے بعد یہ خواب پورا کیا اور کبھی ہمت نہیں ہاری ۔