شہرودیہات منشیات فروشوں کی سرگرمیوں سے عوام پریشان

 سرینگر // منشیات اور نشہ آور ادویات کا دھندہ کرنے والوں نے سینکڑوں نوجوانوں کے مستقبل کو مخدوش بنادیا ہے جبکہ نشے کی لت میں مبتلاء نوجوان اب چوری کا ارتکاب بھی کررہے ہیں ۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے پولیس حکام پر زور دیا کہ وہ منشیات کا دھندہ کرنے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔  شہر ودیہات میں کئی لوگ نشہ آور ادویات اور منشیات بشمول چرس کے دھندے میں ملوث ہیں اور ان افراد نے متعدد  علاقوں کے درجنوں نوجوانوں کو نشے کا غلام بناکر رکھ دیا ہے ۔ متاثرہ علاقوں اور بستیوں سے آئے لوگوں کے ایک گروپ نے سی این ایس کو بتایا کہ ان کی بستیاں کافی وقت سے منشیات اور نشہ آور ادویات کے حوالے سے بدنام رہی ہے اور پولیس نے اب تک اس بستی کے کئی افراد کو انسان و نوجوان کش دھندہ کرنے کی پاداش میں گرفتار کر لیا لیکن یہاں نشے کا دھندہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ اس دوران لوگوںنے بتایا کہ سرینگر کے کئی علاقوں میں بھی ایسے گروپ سرگرم ہیں جو نوجوانوں کو نشے اور منشیات کا عادی بناکر اپنا غیر قانونی دھندہ چلارہے ہیں۔ انہوںنے پولیس حکام سے اپیل کی کہ وہ نشہ آور ادویات اور منشیات کا دھندہ کرنے والے افراد اور گروپوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر نوجوانوں کے مستقبل کو مخدوش ہونے سے بچائیں۔ اس دوران بارہمولہ قصبہ کے اولڈ ٹاون علاقہ کے لوگوں نے بھی شکایت کی کہ یہاں کچھ لوگ کافی وقت سے نشہ آور ادویات اور منشیات کا دھندہ کر کے نوجوانوں کو بُری عادتوں کا شکار بنارہے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ اولڈ ٹاون بارہمولہ میں ایک سماج سدھار گروپ نے حالیہ برسوں کے دوران منشیات اور نشہ آور ادویات کا دھندہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر پولیس کا کام آسان کردیا تھا لیکن گذشتہ کچھ وقت سے نشہ آور چیزوں کا دھندہ کرنے والے پھر سرگرم ہوگئے ہیں۔ اُدھر شمالی قصبہ سوپور کے لوگوں نے بھی الزام لگایا کہ اس قصبہ کے کئی علاقوں میں ایسے لوگ اور گروپ سرگرم ہیں جو اپنی تجوریاں بھرنے کیلئے نوجوانوں کو نشہ آور ادویات اور منشیات کا عادی بنانے میں سرگرم ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ پولیس نے ایسے کئی افراد اور گروپوں کو بے نقاب کر کے اُن کے خلاف کارروائی عمل میںلائی ،لیکن رہائی پانے کے بعد ایسے لوگ پھر منشیات اور نشہ آور ادویات کا دھندہ کرنے میں سرگرم ہوجاتے ہیں۔ دریں اثناء جنوبی قصبہ ترال کے کئی علاقوںکے لوگوں نے بھی شکایت کی کہ یہاں ایک سرکاری ملازم اور اُس کے کچھ ساتھی نشہ آور ادویات کا دھندہ کرنے میں سرگرم ہیں اور ان کی وجہ سے متعدد نوجوان نشہ آور ادویات کے عادی بن چکے ہیں۔ لوگوںنے بتایا کہ مذکورہ سرکاری ملازم کو گر چہ پولیس نے کئی مرتبہ گرفتار کر کے اُس کی تحویل سے نشہ آور ادویات کی بھاری مقدار برآمد کی لیکن یہ شخص اپنی حرکات سے باز نہیں آیا بلکہ اُس نے اپنے اس غیر قانونی دھندے میں مزید کئی افراد کو بھی شامل کردیا ہے ۔