شہرمیں ٹریفک کی بلاخلل نقل وحرکت اورٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی

سرینگر// ٹریفک پولیس نے شہر میں گاڑیوں کے بلا خلل نقل و حرکت اور سری نگر شہر میں لوگوں کو پریشانی کے بغیر ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنانے کی کوشش کے تحت، اتوار کو سری نگر میں وادی کے تمام اضلاع کی مختلف ٹرانسپورٹ یونینوں کے ساتھ ایک باہمی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ایس ایس پی ٹریفک سٹی مظفر احمد شاہ، اے ایس پی ٹریفک سٹی اور ڈی ایس پی ٹریفک سٹی نے وادی کشمیر کی تمام ٹیکسی یونینوں کے نمائندوں سے بات چیت کی۔تبادلہ خیال کے دوران مختلف یونینز کے نمائندوں نے اپنے ساتھ منسلک گاڑیوں کے آپریشن کے حوالے سے اپنی شکایات، مسائل اور تحفظات کا اظہار کیا۔ ایس ایس پی ٹریف پولیس مظفر احمد شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اٹھائے گئے تمام مسائل اور خدشات پر پوری طرح غور کیا گیا اور قیمتی تجاویز کو نوٹ کیا گیا۔ایس ایس پی ٹریفک سٹی مظفر احمد شاہ نے ٹرانسپوٹروںکو مشورہ دیا کہ وہ سرینگر شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں اپنی صلاحتوں کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے ان سے مزید درخواست کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈرائیور ذمہ داری سے مسافروں کے ساتھ پیش آئیں۔ سٹی ٹریفک چیف نے ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی، جو شہر میں بھیڑ کو کم کرنے اور ٹریفک کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کے مقصد سے جاری کی گئی ہیں۔ ٹرانسپوٹروں سے کہا گیا کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں جبکہ گاڑیوں کی بھیڑ کو کم کرنے، ایمبولینسوں، ہنگامی نوعیت کی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ عام مسافروں کی آسانی سے نقل و حرکت میں اپنا کردار ادا کریں۔ ٹرانسپوٹروںنے سڑکوں پر بھیڑ کو کم کرنے کے لئے ٹریفک سٹی کے اقدام کو سراہا اور سری نگر میں گاڑیوں کی آسانی سے گزرنے کو یقینی بنانے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔