شہرمیں سمارٹ میٹر اور دیہی علاقوں میں پری پیڈ میٹر لگائے جائیں: مشیر

 
سرینگر//گورنرکے مشیر بی بی ویاس نے محکمہ پی ڈی ڈی کی کارکردگی کا جائیزہ کے لئے ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے بجلی کی تقسیم کاری اور ترسیل کے عمل میں ہورہے نقصانات کو روکنے کے لئے ہدایات دیں۔اس موقعہ پر بی بی ویاس نے وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کے تحت منظور شدہ پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے ایڈوانسڈ ٹیکنالوجیکل انٹروینشنل پروجیکٹوں پر عمل آوری کی پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ریاست میں بجلی چوری پر روک لگانے پر زور دیتے ہوئے مشیر نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں سمارٹ گرڈ پروجیکٹوں کی بدولت بجلی کی سپلائی اور کنٹرول پر24 گھنٹے نگرانی رکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے شہری علاقوں میں سمارٹ میٹر نصب کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں پری پیڈ میٹر بھی لگائے جائیں۔میٹنگ کے دوران کمشنر سیکریٹری پی ڈی ڈی نے کہا کہ حکومت ہند نے ڈی ڈی یو جی جے وائی، آر جی جی وی وائی۔سیکنڈ آئی پی ڈی ایس اور پی ایم ڈی پی کے تحت 8011 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان سکیموں کے تحت کاموں کو380 پروجیکٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں سے361 پروجیکٹوں کی ٹینڈرنگ کی گئی ہے ،276 پروجیکٹوں کو ایوارڈ کیا گیا ہے،81 پروجیکٹوں کے ٹینڈر تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں،149 پروجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں جبکہ127 پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ آر اے پی ڈی آر پی 1817 کروڑ روپے مالیت کی سکیم  پر بھی عملدرآمد جاری ہے۔