شہباز شریف کا قومی اقتصادی کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ

 اسلام آباد// پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو درپیش سنگین صورتحال اور معاشی چیلنجز سے نکلنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر معاشی تجاویز اور سفارشات کی تیاری کی ہدایات جاری کر دیں۔تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، بینکاری، تاجر و کاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آراء کی روشنی میں مرتب کی جائیں گی جس کے حصول کے لیے آئندہ چند دنوں میں سمٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، کونسل غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔سیکریٹری خزانہ کی جانب سے ملکی معاشی صورتحال، ریونیوز، بجٹ خساروں، داخلی اور بیرونی قرض کی صورتحال سمیت مجموعی قومی بیلنس شیٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ معاشی صورتحال اور سنگین مالی خطرات کو دیکھتے ہوئے فوری، وسط اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کریں، پالیسی آپشنز پر جامع سفارشات پیش کریں تاکہ ان کی روشنی میں ٹھوس اقدامات لیے جا سکیں۔ وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی جامع تجاویز مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔