نیوز ڈیسک
سرینگر //کریری بارہمولہ میں مبینہ طور پر سسرال والوں کی مارپیٹ کے دوران زخمی ہونے والی 29سالہ خاتون سکمز صورہ میں دم توڑ بیٹھی ۔شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فارو ق احمد جان نے بتایا ’’ زخمی خاتون کے سر پر کافی گہری چوٹ تھی اور اس کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں داخل کیا گیا تھا ،جہاں اتوار کو دیر رات گئے اس کی موت ہوگئی ‘‘۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ خاتون کے اہلخانہ نے اس کے شوہر پر عیدالفطر کے دن اس کی مارپیٹ کرکے اُسے زخمی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس نے خاتون کے والدین کی شکایت پر لڑکی کے سسرال والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ایس ایس پی بارہمولہ رئیس بٹ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’’ کون کہتا ہے کہ ملزمان آزاد گھوم رہے ہیں،ایف آئی آر خواتین کے ہلخانہ کے خواہش کے مطابق درج کیا گیا ہے اور مرحومہ کے اہلخانہ کو سخت سے سخت کاروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے‘‘۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں میں مزید لکھا ہے کہ ملزم پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے، افواہ نہ پھیلائیں اور لوگوں کو نہ اُکسائیں۔