شوپیان کے مہلوکین سے تعزیت پرسی

سرینگر//تحریک حریت،ماس مومنٹ ، سالویشن مومنٹ اور پیروان ولایت نے شوپیاں میں ایک ہفتے کے دوران5شہریوں کی ہلاکت کو ریاستی دہشت گردی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ معصوموں کو نشانہ بنانا فورسز کا معمول بن گیا ہے۔تحریک حریت کے ایک وفدنے گنوپورہ شوپیان میںجاں بحق کئے گئے افراد کی یاد میں ایک تقریب میں شرکت کرکے مرحومین کو خراج عقیدت ادا کیا۔وفد میں مختار احمد، سجاد احمد اور عبدالاحدکے علاوہ ضلع کے دوسرے کارکنان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر محمد رفیق اویسی نے جامع مسجد گنو پورہ شوپیان میں خطاب کیا اور نماز جمعہ کے بعد ایک بڑے احتجاجی جلوس کی قیادت بھی کی۔ تحریک حریت نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام بھارتی توسیع پسندانہ عزائم کی پالیسیوں کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ متنازعہ اور تاریخ کے دیرینہ مسئلے کو نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرکے تحریک آزادی کا ساتھ دیں۔ماس مومنٹ نے ایک ہفتے کے دوران5شہریوں کی ہلاکت کو ریاستی دہشت گردی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ معصوموں کو نشانہ بنانا روز کا معمول بن گیا ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے ایک کمسن سمیت دیگر شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے پر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ فوجی جنرل کی دھمکی کے بعد کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے کا چسکافوج اور فورسز کو لگ چکا ہے اور اب انہیں انسانیت کی قبا چاک کرنے میں کوئی بھی عار یا شرم محسوس نہیں ہو رہی ہے۔ بیان کے مطابق ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے آئے دن گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے گرفتاریوں کو انتقام گیری اور بلا وجہ قرار دیا۔سالویشن مومنٹ کے سینئر لیڈر مولوی مدثر احمد نے شوپیان واقعہ میں جاں بحق ہوئے رئیس احمد، کمسن مشرف فیاض کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔مولوی مدثر نے انہیںخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں کشمیری قوم کا سرمایہ افتخار ہے۔انہوں نے شوپیان میں فورسز کی راست فائرنگ میں زخمی ہوئے نوجوانوں کی بھی عیادت کی اور ان کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ سالویشن مومنٹ خواتین ونگ کی سیکریٹری رقیہ ، عشرت ،اسحاق احمد اور عائشہ پر مشتمل ایک وفد نے شوپیان میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں  کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ پیروان ولایت نے شوپیان میںجاں بحق ہوئے کمسن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں پیروان کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں چنگیز یت کا ریکارڈ بھی توڑا ہے۔