شوپیان وکولگام میں تعزیتی ہڑتا ل جاری

 شوپیان+کولگام//البدر جنگجو کمانڈر اور اُسکے ساتھی کی ہلاکت پر جنوبی کشمیر کے دو جڑواں اضلاع شوپیان و کولگام میں سوموار کو مسلسل دوسرے روز بھی تعزیتی ہڑتال رہی ۔ہڑتال کے باعث دونوں اضلاع میں معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ۔دونوں اضلاع میں تیز رفتار انٹر نیٹ خد مات بھی منقطع رہیں ۔ کاٹہ پورہ یاری پورہ کولگام میں زینت الاسلام اور اسکے ساتھی شکیل احمد کی ہلاکت پر سوموار کو ضلع شوپیان اور کولگام میں مسلسل دوسرے روز تعزیتی ہڑتال رہی ۔سوموار کو جاں بحق جنگجوئوں کی یاد میں دکانیں ،کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز ،پیٹرول پمپ وغیر ہ بند رہے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا ۔ہڑتال کے باعث دونوں اضلاع میں ہو کا عالم رہا جبکہ یہاں بازار اور سڑکیں ویران وسنسان نظر آرہی تھی ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ دونوں اضلاع میں مجموعی طور پر صورتحال کنٹرول میں رہی ۔