شوپیان واقعہ 26جنوری پر کشمیریوں کو بھارت کا تحفہ:مزاحمتی خیمہ

 سرینگر//لبریشن فرنٹ، جماعت اسلامی، ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی،مسلم لیگ ،تحریک مزاحمت،پیپلز فریڈم لیگ، سالویشن مومنٹ ، ووئس آف وکٹمز،مسلم کانفرنس ، محاذ آزادی،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس، تحریک استقامت ،ینگ مینز لیگ ،پیپلز پولٹیکل پارٹی ،پیپلز لیگ اور پیپلز پولٹیکل فرنٹ نے شوپیان میں 17سالہ معصوم نوجوان شاکر احمد میرکے علاوہ دیگر نوجوانوں کو جاں بحق کرنے اور مزید نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو زخمی کرنے جیسی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔مزاحمتی اور مذہبی جماعتوں نے فورسز کی اس کارروائی کو 26جنوری پر کشمیریوں کیلئے بھارت کا تحفہ قرار دیا ہے۔ لبریشن فرنٹ نے کہا ہے کہ فورسز صرف اور صرف کشمیریوں کو من چا ہے طریقے پر قتل کرنے  ہی کے لئے مامور ہیں جبکہ بھارت نواز کشمیری سیاستدانوں کا واحد کام اس قتل و غارت کو قانونی جواز فراہم کرنا ہے۔ اس دوران لبریشن فرنٹ کے ضلع صدر پلوامہ جاوید احمد بٹ کی قیادت میں ایک وفد نے شوپیان جاکر نماز جنازہ میں شرکت کی۔بیان کے مطابق وفد نے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس دوران پارٹی کے زونل صدر نور محمد کلوال  نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی افواج اور فورسز کا واحد کا م کشمیریوں کو سفاکانہ طریقے پر قتل کرنا ہے کیو نکہ یہ لوگ اسی کا م پر مامور و متعین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خون کے خوگر اِس فورس کو قتل عام کی شہہ دراصل ہند نواز سیاستدانوں اور حکمرانوں سے ملتی ہے جو ان کے انسانیت مخالف جرائم کی پردہ پوشی کرتے ہیںاور ان جرائم کو قانونی جواز بخشنے کا کام کرتے ہیں ۔ کلوال نے کہا کہ قاتلوں اور انکے طرف داروں کو بہر صورت اپنے جرائم کا ایک نہ ایک دن حساب چکانا پڑے گا کیو نکہ قانون مکافات کا یہی تقاضہ ہے کہ ہر ظالم اور جابر کو اپنے جرائم کا حساب دینا ہی پڑتا ہے۔انہوں نے لیڈر ظہور احمد بٹ کے گھر پر چھاپے اور اہل و عیال کو تنگ طلب کرنے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک اور ان کے ساتھ دوسرے قائد غلام محمد ڈار کی سرینگر سنٹرل جیل میں نظربندی کی بھی مذمت کی ہے۔جماعت اسلامی نے چھئی گنڈ شوپیان میں 17سالہ معصوم نوجوان شاکر احمد میرکے علاوہ دیگر نوجوانوں کو جاں بحق کرنے اور مزید نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو بری طرح زخمی کرنے جیسی کارروائیوں کی مذمت کی ہے اور اس کارروائی کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقعہ پر کشمیریوں کے لئے بھارت کا تحفہ قرار دیا ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق یہ بات عیاں ہے کہ کشمیر کے اس خطہ میں فورسز نے 1947 سے ہی خون کی ندیاں بہادی ہیں تاکہ مظلوم کشمیریوں کی اُمنگوں اور خواہشات کو روندھا جاسکے۔ جماعت کے مطابق فورسز کا ظلم عیاں ہونے کے باوجود اقوام عالم یہاں ہورہی زیادتیوں کا نوٹس لینے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے جس سے بھارتی اسٹیبلشمنٹ کو کشمیریوں پر مزید ظلم ڈھانے کاحوصلہ مل گیا۔ جماعت اسلامی نے شاکر احمد میرکے لواحقین اور دیگرنوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ اُن کے پسماندگان سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔جماعت نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی جملہ انجمنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں پر ہورہے ظلم کے خلاف آواز بلند کرے اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کی خاطر بھارت پرسیاسی و سفارتی دبائو ڈالیں۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے شاکر احمد میر کی بہیمانہ ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وردی پوش اہلکار عوام پر گولیاں چلانے کے عادی ہوچکے ہیں کیونکہ اُنہیں اس کے عوض انعامات اور ترقیوں سے نوازا جارہا ہے۔ پارٹی کے ایک بیان کے مطابق یہی وجہ ہے کہ نہتے شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ کسی رکاوٹ کے بغیر جاری ہے۔ شوپیان واقعے کا ذکر کرتے ہوئے فریڈم پارٹی نے کہا کہ نہتے لوگوں پر گولیاں برسانا ایک قابل مذمت عمل ہے جس کے ذریعے دو جواں سال خواتین، سبرینہ جان اور سمی جان سمیت کئی زخمی ہوگئے۔فریڈم پارٹی نے جواں سال شاکر میر کے والدین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ جملہ زخمیوں بشمول سبرینہ جان اور سمی جان کی فوری صحتیابی کی دعا کی۔ پارٹی نے آئے دنوں شہری ہلاکتوں کو کشمیریوں کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وردی پوش اہلکار وں کی پشت پناہی کے نتیجے میں ہی ہلاکتیں وقوع پذیر ہورہی ہیں۔فریڈم پارٹی نے اس واقعہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔پارٹی نے عزم دہرایا کہ قربانیوں کی کسی بھی حال میں حفاظت کی جائے گی۔مسلم لیگ نے شوپیان میںایک معرکے کے دورانجاں بحق ہونے والے سمیر احمد وانی اور فردوس احمد کے ساتھ ساتھ ایک معصوم نوجوان شاکر احمد میر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی طرف سے جموں کشمیر کے لوگوں کو /26جنوری کا تحفہ قرار دیا ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک طرف بھارت یوم جمہوریہ منانے کی تیاریوں میں مصروف ہے اور دنیا کو جمہوریت کی پٹی پڑھا رہا ہے وہیں دوسری طرف ہندوستان اسی دن پر جموں کشمیر میں بے گناہوں کا قتل کرنے اور انھیں زخموں سے چھلنی کرنے کے سنگین جرم سے باز نہیں آرہا ہے بلکہ اسے نہتے اور معصوموں کے لہو کو ارزاں کرنے کا اتنا چسکا لگ چکا ہے کہ یہ عزت مآب بیٹیوں پر بھی طاقت کے بے تحاشہ استعمال سے دریغ نہیں کر رہا ہے جس سے بھارتی جمہوریت کی نیلم پری برہنہ ہوجاتی ہے۔ترجمان کے مطابق لیگ کا ایک وفد عبدالرشید خان، منظور احمد خان اور عبدالرشید پر مشتمل آڈو ،گناپور ہ شوپیان اور قلم پورہ پلوامہ گیا جہاں انہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔  تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سنٹرل جیل سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں شوپیان معرکہ آرائی میں جاںبحق ہونے والے حزب المجاہدین کے دو جنگجوئوں اور 17سالہ عام نوجوان شاکر احمد میر کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے جیالے ایک عظیم مقصد کے لئے اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں اور اس مقصد کے ساتھ وفاداری ہم سب کی مشترکہ قومی و ملی ذمہ داری بنتی ہے ۔انہوں نے معرکہ آرائی کے دوران مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ اور طاقت کے بے تحاشا استعمال کو بزدلانہ ذہنیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج ایک منصوبہ بند طریقے سے یہاں نوجوانوں کی نسل کشی کر رہی ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کو آزادی کی جدوجہد سے دستبردار کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ افسپا جیسے قانون کے پیش نظر فوج جبر و تشدد کی راہ پر گامزن ہے، جس کا ثبوت معصوم مظاہرین کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ہے۔ پیپلز فریڈم لیگ ترجمان نے شوپیاں میں فورسز کے ساتھ خونریز جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوئے دوجنگجوئوں اور ایک نہتے کمسن شہری  شاکر احمد میر کو خراج عقیدت ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کی بدولت ہی تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے پر کھڑی ہے  اورمسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانیاں ہماری تحریک کا وہ قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہے جس کو قوم کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتی اور جس کی حفاظت کرنا کشمیری عوام کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ترجمان نے جھڑپ کے دوران زخمی ہوئے دو جوان لڑکیوں کی جلد شفایابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح بھارت کی فوج کوئی پروا کئے بغیر عام شہریوں کوراست فائرنگ کر کے یہاں کے کمسن بچوں اور بچیوں کو قتل کر رہی ہے اسیالگتا ہے کہ بھارتی فوجیوں کو یہاںنسل کشی کرنے کا پورا اختیا دیا گیا ہے ۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے شوپیان میں شاکر احمد نامی نوجوان کی فورسز کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو انسانیت سوزقرار دیا۔انہوں نے فورسز کی کارروائی میں مزید دو لڑکیوں کے زخمی ہونے پر فورسز کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اور اس کارروائی کو بزدلی سے تعبیر کرتے ہوئے اس پر زبردست تشویش ظاہر کی۔ اس دوران سالویشن مومنٹ کے ایک وفدنے شاکر احمد کے گھر جا کر ان کے گھر والوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔وفد میں عدنان سلفی، اسحاق احمد اور سجاد احمد شامل تھے۔وفد نے سمیر احمد اور فردوس احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔بیان کے مطابق اس دوران ظفر اکبر بٹ نے کورٹ بلوال جیل میںپارٹی کے سینئر لیڈر ہلال بیگ سے ملاقات کی غرض سے گئے تھے لیکن جیل انتظامیہ نے انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے شوپیان واقعہ میں عام شہریوں پربے تحاشا طاقت استعمال کرنے کی کارروائی کو ننگی جارحیت قرار دیا۔اپنے ایک بیان میںانہوں نے17سالہ نوجوان شاکر احمد کی ہلاکت کو اقوام عالم اور بھارت کے ذی حس طبقے کیلئے چشم کشا قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ وادی میں نہتے شہریوں کا قتل عام اب فورسز کا معمول بن گیا ہے جو ایک تشویشناک عمل ہے ۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو، تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی واراورینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے شاکر احمد نامی نوجوان کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کے زخمی ہونے پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی کارروائی میں طاقت کا بے تحاشا استعمال نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ انسانی و اخلاقی قدروں کے منافی ہے۔انہوںنے شاکر احمد سمیت دو جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت اداکیا ہے۔ کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمردہ حبیب نے راست گولیوں کے شکار نہتے لوگوں کے قتل عام کو’کراس فائرنگ کی زد میں ‘ آنے کا نام دیکر اس جرم کو چھپایا نہیں جا سکتا ہے۔اپنے ایک بیان میںانہوں نے سمیر احمد اور فردوس احمدکو خراج عقیدت پیش کیا اور نہتے مظاہرین پر بے تحاشہ طاقت کے استعمال او ر17 سالہ شاکر احمد میر کی ہلاکت کو بہیمانہ قتل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ایک منصوبہ بند طریقے سے نہتے عام لوگوں زن و مرد و اطفال کا قتل عام بھارت کی جمہوریت پر کالا دھبہ ہے ۔پیپلز پولیٹیکل پارٹی چیئرمین انجینئر ہلال احمد وارہلال احمد وار نے شوپیان میں فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے17سالہ نوجوان شاکر احمد میر کی ہلاکت کی مذمت کی ہے ۔ پیپلز لیگ کیچیئرمین شیخ محمد یعقوب نے معصوم شہری شاکر احمد میر کو جاں بحق کرنے اور دو معصوم لڑکیوں کو شدید زخمی کردینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں کا کسی نہ کسی بہانے خون بہانا اپنا معمول بنالیا ہے ۔ پیپلز پولٹیکل فرنٹ کے چیئرمین مصدق عادل نے شوپیاں میں نوعمر لڑکے کو مارنے پر سخت افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ فورسز کو عام شہریوں کو مارنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ انہوں نے پسماندگان سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔