شوپیان میں فورسز کارروائی میں زخمی نوجوان کی حالت نازک ، ناگہ بل صورہ علاقے میں ہڑتال

سرینگر/سرینگر کے مضافاتی علاقہ، ناگہ بل صورہ میں سوموار کو ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔

یہ ہڑتال گذشتہ روز شوپیان میں فورسز کارروائی کے دوران ایک نوجوان کے زخمی ہونے کیخلاف کی جارہی ہے جو ضلع گاندر بل کا رہنے والا ہے اور صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کے اندر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

اطلاعات کے مطابق علاقے میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ سڑکوں پر بھی کافی کم ٹریفک نظر آرہی ہے۔

اس سے قبل نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ناگہ بل چوک میں سڑک پر دھرنا دیا ۔

مقامی ذرائع کے مطابق تیس سالہ محمد رفیق پرے، ساکنہ رنگل ناگہ بل گذشتہ روز شوپیان میں فورسز کارروائی میں بری طرح زخمی ہوگیا ۔

فورسز کی یہ کارروائی معروف جنگجو کمانڈر زینت الاسلام کی آخری رسومات میں شامل لوگوں کیخلاف سوگن ،شوپیان میں عمل میں لائی گئی۔

رفیق کو صورہ منتقل کیا گیا جہاں اُسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔