شوپیان میں ایک لاکھ لیٹر غیرمعیاری منرل آئل ضبط

سرینگر//ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر نے جنوبی کشمیر کا دورہ کیا اور وہاں ہارٹی کلچر منرل آیل کی دستیابی کے بارے میں آفیسران سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں ایک لاکھ لیٹر غیر معیاری ہارٹی کلچر منرل آئل ضبط کیا گیا ہے جبکہ ملوثین کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر اعجاز احمد بٹ نے جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کا دورہ کیا اور وہاں غیر معیاری اور زائد المعیاد جراثیم کش ادویات کے خلاف چلائی جارہی مہم کے بارے میں حکام سے جانکاری حاصل کی۔ انہوںنے بتایا کہ اب تک ایک لاکھ لیٹر ہارٹی کلچر منرل آئل برآمد کیا گیا ہے جو غیر معیاری پایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملوث دکانداروں کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل نے شوپیاں میں ہارٹی کلچر منرل آئل تقسیم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تسلیم شدہ دکانداروں سے ہی ہارٹی کلچر منرل اوئل خریدا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر تسلیم شدہ دکانداروں کی جانب سے مذکورہ اوئل فروخت کرنا غیر قانونی ہے اور اْن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔