شوپیان میں المناک واقعہ7:برس کاکمسن نالہ میں گرکرلقمہ اَجل لولاب میں کرنٹ لگنے سے زخمی مزدور 4دن بعد فوت

 اشرف چراغ

شوپیان+کپوارہ //سیدھوشوپیان میں ایک سات برس کابچہ تالاب میں گرکرلقمہ اجل بن گیا جبکہ لولاب کپوارہ میں چارروزقبل بجلی کی کرنٹ لگنے سے زخمی ہوامزدور ہسپتال میں فوت ہوا۔ شوپیان کے سدھو گاؤں میں 7 سالہ بچہ ایک سرکاری اسکول کے عقبی حصے میں واقع تالاب میں گر کر لقمہ اجل بن گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بچے کی شناخت فرحان مظفر کے نام سے ہوئی جو تالاب کے پاس سے گزرنے کے دوران اچانک اس میں گر گیا ۔

 

 

 

 

معلوم ہو اہے کہ بچہ تالاب میں گر جانے کے بعد وہاں مقامی لوگ جمع ہوئے اور انہوں نے بچے کو نکال کر اسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے وہاں مردہ قرار دیا ۔ پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کی نعش ضروری لوازمات کی ادائیگی کے بعد آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کی گئی ۔ ادھر لولاب کے دلباغ علاقے میں گزشتہ ہفتے کرنٹ لگنے سے زخمی ہونے والے مزدور نے منگل کی صبح ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تھنڈوسہ لولاب کے اعجاز احمد میر ان دو مزدوروں میں شامل تھا جنہیں گزشتہ جمعہ کو لولاب کے دلباغ علاقے میں اس وقت بجلی کا کرنٹ لگا تھا جب وہ لوہے کے ایک کھمبے کو کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اور وہ ایک ہائی ٹینشن برقی تار کو چھو گیا تھا۔دونوں کو جائے وقوعہ سے نکال کر ایس ڈی ایچ سوگام پہنچایا گیا، جہاں سے ان دونوں کو علاج کے لیے ضلع ہسپتال ہندواڑہ منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک کرالہ گنڈ لولاب کے رہائشی اعجاز احمد میر کو مزید علاج کیلئے سکمز صورہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ آج صبح دم توڑ گیا۔ایک پولیس افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں پہلے ہی کیس درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔