سرینگر/پولیس نے جمعرات کو کہا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین جو معرکہ آرائی جاری تھی وہ اختتام پذیر ہوگئی ہے اور اس میں فورسز کے ہاتھوں جو تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ،اُن کی شناخت ہوگئی ہے۔
پولیس نے جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت سجاد کھانڈے،عاقب احمد ڈار اور بشارت احمد میر کے طور کرتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں ضلع پلوامہ کے باشندے تھے۔
اس سے قبل شوپیان ضلع کے کیلر علاقے میں آج صبح جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کا آغاز ہوا جس کے دوران تین عسکریت پسند مارے گئے۔
یہ معرکہ شوپیان کیلر کے جنگل میں واقع یارون نامی علاقے میں پیش آیا۔
فوجی ترجمان اور پولیس نے معرکہ اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تین جنگجوئوں کو جاں بحق کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ فوج نے یارون جنگل علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشیاں شروع کیں جس کے دوران فورسز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا ہوگیا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔