شوپیان بستی کا 5روز میں دوسرا آپریشن

 شوپیان // قصبہ کی ایک بستی میں ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ تلاشی آپریشن کیا گیا۔اس دوران مزید 2دیہات میں بھی تلاشیاں لی گئیں۔ 44آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے منگل بعد دوپہر 2بجے  بونہ گام کے کلے محلہ اور ریشی محلہ کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کی۔ساڑھے 5گھنٹے تک دونوں بستیوں کی تلاشیاں لی گئیں لیکن کچھ بھی حاصل نہیں ہوا جس کے بعد ساڑھے 7بجے محاصرہ ختم کیا گیا۔ ان دو بستیوں میں 10جون کو بھی کئی گھنٹوں تک شبانہ تلاشیاں لی گئیں۔ادھر بونہ گام سے ڈیڑھ کلو میٹر دورگگلورہ پنجورہ کا محاصرہ کیا گیا۔44آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے تلاشی کارروائی عمل میں لائی تاہم کوئی گرفتاری نہیں وئی۔دریں اثناء موہن پورہ امام صاحب نامی گائوں کا44آر آر ، 178سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور ناکہ بندی کر کے تلاشیاں عمل میں لائیں۔البتہ کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔