سرینگر //شہرخاص کے نئے منتخب ہوئے کونسلروں نے شنگلی پورہ عید گاہ اور ایس ڈی اے کالونی نور باغ میں بجلی کی ابتر صورتحال پر محکمہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ محکمہ لوگوں کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے ۔کونسلروں کا کہنا تھا کہ علاقے میں خراب بڑے بجلی ٹرانسفامروں کی بھی کئی ماہ سے مرمت نہیں کی گئی ہے جس کے نتیجے میں آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔پال پورہ واڑنمبر 52کی کونسلر فنسی اشرف نے کشمیر عظمیٰ کے آفس پر آکر بتایا کہ انہوں نے متعدد بار بجلی کے مسائل محکمہ کے اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لائے لیکن محکمہ اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہر نہیں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شنبگی پورہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں صرف تین بجلی ٹرانسفارمر نصب کئے گے ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے علاقے میں 6بجلی ٹرانسفامروں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اکثر اورلوڈنگ کی وجہ سے علاقہ کے بجلی ٹرانسفامر جل جاتے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو بجلی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔فنسی کے ساتھ آئے وفد نے بتایا کہ شہری آبادی کا یہ حال ہے تو دور دراز بستوں کا کیا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں ایک بجلی ٹرانسفامر ڈیڑھ ماہ سے خراب حالت میں پڑاہے جبکہ لوگوں نے کئی مرتبہ محکمہ کے اعلیٰ حکام کو اس حوالے سے آگاہ بھی کیا لیکن محکمہ ٹرانسفارمر کی مرمت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو گیا ہے ۔رتھ پورہ واڑ 50 کے کونسلرمحمد اشرف پالپوری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایس ڈی اے کالونی نور باغ کا بجلی ٹرانسفارمر بھی کافی عرصہ سے خراب حالت میں ہے اور محکمہ اس کی مرمت کرنے میں ناکام ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس نور باغ علاقے کے لوگوں کو بھی بجلی کے حوالے سے شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔وفد نے ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کے لوگوں کو بجلی کے حوالے سے مشکلات کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
شنگلی پورہ عید گاہ اور ایس ڈی اے کالونی نور باغ میں بجلی کی صورتحال ابتر
