شنا ۔منگتھالا لنک روڈ عرصہ دراز سے لٹکا ہوا

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے ٹھکرائی علاقہ کے موضع شنا ۔منگتھلا کے عوام نے گُذشتہ چار سال سے زیر تعمیر سڑک کو فوری طور مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔موضع کے عوام نے کشمیر اعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر کو 2008میں منظوری ملی تھی لیکن محکمہ آر اینڈ بی نے پہلے مرحلہ میں فقط سڑک کے دو کلو میٹر ہی مکمل کئے۔جبکہ دیگر ماندہ 10کلو میٹر کو پی ایم جی ایس وائی کے تحت منظور کیاگیا تھا ۔جس کے تحت موضع شنا تک زمین کی کٹائی کا کام مکمل کیا گیا تھا ۔اگرچہ زمین کی کٹائی کو دسمبر2014 میں مکمل دکھایا گیا تھا لیکن سڑک کی حالت کافی خستہ ہے۔عوام کے مطابق اس سڑک کی تعمیر کے لئے 15 مرتبہ سے زائد بار ٹینڈر اجرا کئے گئے لیکن تا دم کوئی بھی تعمیری کام شروع نہیں ہوا ہے۔اعلاقہ کے ایک سابق سرپنچ کاکہنا ہے کہ انکی سمجھ سے پرے ہے کہ محکمہ بار بار ٹینڈر اجرا کرکے ان کو بار بار منسوخ کیوں کر رہی ہے۔ محکمہ کی جانب سے ٹینڈر کے عمل میں سست رفتاری کی وجہ سے ٹھکرائی کے عوام کو خصوصاً بزرگوں اور بچوںکو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سڑک کی اچھی سہولیت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو خستہ حال سڑک سے کافی مشکلات کا سامنا کرکے ہی چلنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے متعلقہ وزیر سے اس معاملہ میں مداخلت کرکے سڑک کوفوری طور مکمل کرنے کی اپیل کی ہے،تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔