شملہ ہماچل پردیش میں المناک سڑک حادثہ والٹینگوکولگام کے 6مزدور جاں بحق، 6دیگر زخمی

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// ہماچل پردیش کے شملہ ضلع میں پیر کی صبح ایک المناک سڑک حادثے میں جنوبی کشمیر کولگام ضلع کے کم از کم 6 مزدوروں کی موت ہو گئی، اور اتنی ہی تعداد میں زخمی ہو گئے۔شملہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجیو کمار گاندھی نے بتایا کہ ایک پک اپ گاڑی زیر نمبر/0231 HP63A پیر کی صبح گہری کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 12 مزدور زخمی ہوگئے۔ ان میں 3 کی موت جائے وقوع پر ہی ہوئی جبکہ دیگر 3 اسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ ضلع کرارگھاٹ سے 35 کلو میٹر دور پیش آیا۔مہلوک افراد کی شناخت 24 سالہ فرید احمد،43 سالہ گلاب خان،19 سالہ شبیر احمد،23 سالہ طالب حسین،30 سالہ گلزار احمد اور 30 سالہ مشتاق احمد کے بطور ہوئی ہے۔جبکہ زخمیوں میں گاڑی کا ڈرائیور رنجیت سنگھ ، محمداسلم،طالب حسین،آکاش کمار،اجے ٹھاکر اور منظور احمد شامل ہیں۔

یہ سبھی مزدور کولگام ضلع کے والٹنگو ناڑکنڈ علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ایک ٹھکیدار کے ساتھ کام کرتے تھے۔ایس ایس پی شملہ نے بتایا کہ حادثے کے بعد گاؤں والوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ جس کے بعد پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تین افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ تین دیگر نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ6 دیگر زخمی بھی ہوئے اور فی الحال اندرا گاندھی میڈیکل کالج ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے المناک سڑک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک ٹویٹ میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا:”شملہ میں ہونے والے المناک سڑک حادثے سے غمزدہ ہوں، جس میں کولگام کے چھ مکینوں کی جانیں چلی گئی ہیں، سوگوار خاندانوں کے تئیں تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی ہو۔ ڈی سی کولگام کو ہر مرنے والوں کے لواحقین کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی”۔