اشفاق سعید
سرینگر // وادی کے کئی علاقوں میںجمعرات کو ہوئی شدید آندھی اور قہر انگیز ژالہ باری نے 5اضلاع کے قریب 150دیہات میں بھاری تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں کسانوں کو دوسری بار تباہ ہوئے میوہ باغات کو دیکھ کر اپنی قسمت پر رونا آرہا ہے کیونکہ بھاری وزن کے اولوں نے اُن کی سال بھر کی محنت پر پانی پھیر دیا ہے ۔محکمہ باغبانی کشمیر کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم جمعہ کی صبح شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور کپوارہ دورے پر گئی جبکہ جنوبی اور وطھی کشمیر کے چیف ہارٹیکچر افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں جاکر موقعہ پر ہی میوہ باغات کو ہوئے نقصانات کا عبوری تخمینہ لگانے کی ہدایات کی گئیں۔باغبانی کے محکمہ نے نقصان کا جو عبوری تخمینہ لگایا ہے اس کے مطابق اننت ناگ کے 20 ، بارہمولہ کے 27،کپوارہ کے 31، بڈگام کے 25 ،شوپیان کے 8اورپلوامہ کے 13دیہات/علاقوں میں باغ مالکان کو بھاری نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔
باغبانی شعبہ سے وابستہ لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ژالہ باری کو ناگہانی آفت قرار دے کر انہیں معقول معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ نقصان کی برپائی کر سکیں ۔محکمہ باغبانی کی ٹیموں نے نقصان کا جو عبوری تخمینہ لگایا ہے اس کے مطابق سب سے زیادہ تباہی کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع میں ہوئی ہے جہاں 10سے30فیصد میو ہ باغات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کپواڑہ کے ترہگام اور دیگر کچھ علاقوں میں 70فیصد میوہ باغات تباہ ہوئے ہیں۔محکمہ کے مطابق بارہمولہ ضلع کے، زون بارہمولہ اور وترگام کے جو علاقے متاثر ہوئے ہیں ان میں ، فرستھر ، فتح پورہ ، خواجہ باغ ، کانسپورہ ، چندوسہ ، کرالہ ہار ، جہامہ ، کاٹھیا والی ، Pacherگوہن ، سنگڑی ، کانلی باغ ، دلنہ ، لڈور ، لاوڈورہ ، بالہامہ ، کترو، ناریبل ، برمن ، سلی کوٹ ، پانزلہ ، کنگروسہ ، چاٹوسہ ، زیتھن ، شیخ پورہ، باکھیپورہ شامل ہیں، جہاں 25سے30فیصد میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ کے مطابق کپوارہ کے زون ماور ، ترگام اور کرالپورہ کے قریب 31گائوں میں شدید ژالہ باری سے 30سے 70 فیصد میوہ باغات کو نقصان پہنچاہے۔ ان دیہات میں کسانوں کی سال بھر کی محنت پر پانی پھیر گیا ہے، محکمہ باغبانی نے ان دیہات کی جو عبوری تفصیلات حاصل کی ہیں ،اس کے مطابق شاہ نگری ، درنگس ، کھودی ، وارسن ، الچی زب ، گلگام ، کواڑی ، لدرون ، آورہ ، گزریال ، رشی گنڈ ، دردسن ، کرالپورہ ، دردہری ، لون ہری ، راشن پورہ ، گلگام ، زرہامہ ، مرہامہ ، ہائین ، ہڑی ، ترہگام ،گگلوسہ ، شمناگ ، کنن پوشپورہ اورہانگی پورہ کے علاوہ دیگر کئی ایک علاقوں میں بھاری تباہی ہوئی ہے ۔محکمہ کے مطابق بڈگام کے زون کرمشورہ ، وترہل ،کھاگ اور کانیر کے 25دیہات میں 10سے13فیصد میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے ۔ان دیہات میں ، لنورہ ، لاکی پورہ ، پالپورہ ، شرن ، پوشکھر ، زلوسہ ، ہاپتھ ناڑ ، بوگرو ، آریگام ، دریگام ،کرمشورہ ، وترہل ، جی اے نائک ، ٹی ایف شان ، ملہ نارو ، ہرونی ، رمہامہ ، ککہ لارٹی، نیگو ، برنوار ، شمناگ ، ماگام ، ڈاڈہ اومپورہ اور، ہانجورہ ، شامل ہیں ۔اسی طرح اننت ناگ کے سلر اور شانگس زونوں کے 20دیہات میں شدید ژالہ باری سے میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے ۔محکمہ باغبانی کی عبوری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان 2 زونوں میں ناگئی پورہ ، کولر ، ڈی وتو ، لڈی ، اورہ ، ویر سرن ، موویرہ ، چھترگل ، متی پورہ ، ملک پورہ ، ہل کھا ، خانپورہ ، بریمبر ، پوشنار ، چکلی پورہ ، تھرمن ، دردپورہ ، گورن ، نرسر اور،کچمولہ میں 10سے30فیصد ژالہ باری سے نقصان ہوا ہے ۔پلوامہ کے زون ترال اور پانپور میں 5سے10فیصد میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے اور یہاں 13دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
ان دیہات میں باغندر ، زری ہارڈ ، ناگبل ، مچہامہ ، برن پتھری ،شار شالی،لدھو اے، لدھوبی ،کونہ بل ، چڈھرا ، لتہ پورہ اے اورلتہ پورہ بی شامل ہیں ۔شوپیاں کے زون کلر میں10فیصد میوہ باغات کو نقصان ہوا ہے۔ اس زون میں قریب 8دیہات متاثر ہوئے ہیں ان میں کاٹھو ہالن، ز م پتھری ، کیلر ، پہلی پورہ ،دونارو ، گاٹھی پورہ ،زرکن شامل ہیں ۔ محکمہ باغبانی کے ڈائریکٹر غلام رسول میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کپوارہ کے ترہگام اور دیگر کچھ ایک علاقوں میں میوہ باغات کو 70فیصد نقصان ہوا ہے البتہ کچھ علاقوں میں 15سے30فیصد کے درمیان نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ژالہ باری سے بھاری نقصان ہوا ہے اور نقصان کا مکمل تخمینہ لگا کر رپورٹ سرکار کو روانہ کی جائے گی ۔انکا کہنا تھا کہ یہ عبوری رپورٹ ہے اور اس میں مزید دیہات شامل ہوسکتے ہیں ، البتہ ایسے علاقوں میں اس سے بہت کم نقصان ہوا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں بھی شدت کی ژالہ باری نے تباہی مجائی عبوری رپورٹ میں اسکی مکمل تفصیل دی گئی ہے اور محکمہ کی کوشش ہوگی کہ جن کسانوں کو نقصان پہنچا ہے انہیں مالی معاونت کی جائے۔ادھر ترال میں جمعہ کی شام متعدد دیہی علاقوں میں زور دارژالہ باری ہوئی ۔ سہ پہر بعد موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی موسلا دھار بارشوں کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا۔ ترال کے مندورا، برنواڈ اور بٹھنور دیہات میں شدیدژالہ باری کی وجہ سے میوہ جات بشمول سیب، ناشپاتی، خوبانی وغیرہ کے باغوں کو نقصان پہنچا۔