واشنگٹن//شمالی کوریا کی جانب سے اپنے نیوکلیائی پروگرام کو ختم کرنے کے اعلان سے سبھی ششدر ہیں۔کہاں تو کم جونگ ان امریکہ سے سے دودو ہاتھ کرنے کا اعلان کررہے تھے اور کہاں انہوں نے تمام پروگراموں کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔بہرحال،پیونگ یونگ کی جانب سے یہ خوش کن اطلاعات دنیا کو مل رہی ہیں۔شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے میزائل تجربات کو ملتوی اور جوہری تجربات کے ایک مقام کو فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔شمالی کوریا کی سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق''21 اپریل سے شمالی کوریا جوہری تجربات اور بین البراعظمی میزائلوں کے تجربات روک رہا ہے ۔''شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد''معیشی ترقی کا حصول اور جزیرہ نما کوریا میں امن لانا ہے ۔''شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان آئندہ ہفتے جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان سے ملاقات کر رہے ہیں۔شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے فیصلے کے خیر مقدم کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ''یہ شمالی کوریا اور دنیا کے لیے ایک بہت بڑی اچھی خبر اور بڑی پیش رفت ہے ۔''اس سے پہلے جمعرات کو جنوبی کوریا کے صدر مون جے کے مطابق شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ ''مکمل جوہری تخفیف''کے لیے تیار ہے ۔انھوں نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے جرات مندانہ تصور اور تخلیقی حل کی ضرورت ہے ۔خیال رہے کہ جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے طے شدہ مذاکرات 'فائدہ مند' ثابت نہ ہوئے تو وہ بات چیت کے دوران ہی اٹھ کر چلے جائیں گے ۔فلوریڈا میں صدر ٹرمپ اور جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے کی مشترکہ نیوز کانفرنس میں دونوں رہنما¶ں نے کہا کہ شمالی کوریا پر جوہری پروگرام کے خاتمے کا دبا¶ برقرار رکھا جائے گا۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ شمالی کوریا پر اس وقت تک زیادہ سے زیادہ دبا¶ کی مہم جاری رہے گی جب تک وہ جوہری اسلحے میں تخفیف نہیں کرتا۔''جیسا کہ میں نے پہلے کہا کہ شمالی کوریا کے لیے ایک روشن راستہ موجود ہے جب یہ جوہری اسلحے میں تخفیف کرتا ہے جو ناقابل واپسی اور مکمل اور تصدیق شدہ ہو۔ ان کے لیے اور دنیا کے یہ بہت بڑا دن ہو گا۔''اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پوم پے او کے خفیہ دورے پر شمالی کوریا جانے اور وہاں کم جونگ ان سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مائیک پوم پے او نے کم جونگ ان سے اچھے تعلقات استوار کر لیے تھے اور یہ ملاقات بہت اچھی رہی۔بی بی سی کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ اس ملاقات کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات کی تفصیلات طے کرنا تھا۔یو این آئی
شمالی کوریا کا جوہری اور میزائل تجربات بند کرنے کا اعلان
