یو این آئی
سرینگر//فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچیندر کمار نے کور کمانڈر کے ہمراہ لائن آف کنٹرول پر اگلی چوکیوں کا دورہ کرکے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہیں آپریشنل صلاحیت میں اضافے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔بتادیں کہ سوچیندر کمار نے 19فروری 2024کو فوج کی شمالی کمان کا چارج سنبھالا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیودی کو کو وائس چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا گیا ہے۔ دفاعی ترجما ن نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچیندر کمار نے ، 15کارپس کمانڈر اور جی او سی وجیرا ڈویڑن کے ہمراہ ایل او سی کا دورہ کیا اور وہاں پر جوانوں سے گفت وشنید کی۔
لیفٹیننٹ جنرل کو بتایا گیا کہ ایل او سی میں اگلی چوکیوں پر تعینات فوجی جوان دن رات کڑی نظر گذر رکھے ہوئے ہیں تاکہ در اندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں مشتبہ نقل وحمل دیکھتے ہی بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کئے جاتے ہیں۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر تعینات فوجی جوانوں کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل نے ایل او سی پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے۔کور کمانڈر نے شمالی کمان کے سربراہ کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر فوج اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں ایل او سی پرتعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔