شمالی کشمیر کے لنگیٹ علاقے میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ

سرینگر/جمعرات کوچودہ گھنٹوں کی تلاشی کے بعد شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

 یہ معرکہ آرائی ہندوارہ میں لنگیٹ کے یارو گائوں میں پیش آگئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق وہ صبح ساڑھے سات بجے سے گولیاں چلنے کی آوازیں سن رہے ہیں۔

 یاد رہے کہ مذکورہ علاقے کو گذشتہ شام محاصرے میں لیکر تلاشیاں شروع کی گئی تھیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ فوج ، ایس او جی اور سی آر پی ایف کا مشترکہ آپریشن ہے جس کے دوران گذشتہ شام ہی گائوں کے سبھی راستے بند کر دئے گئے تھے۔

دریں اثناء حکام نے گورنمنٹ ڈگری کالیج ہندوارہ اور ہایئر سیکنڈری سکول ہندوارہ کوآج بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔

 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلزار احمد کے مطابق معرکہ آرائی کے آس پاس دفعہ144کے تحت پابندیاں عاید کی گئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق یاور گائوں، اُس باباگنڈ گائوں سے محض ایک کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے جہاں رواں ماہ کے آغاز میں ایک معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو، پانچ فورسز اہلکار اور ایک عام شہری جاں بحق ہوئے تھے۔