شمالی کشمیر پارلیمانی نشست سجاد لون پیپلز کانفرنس کے امیدوار نامزد

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس نے پیر کو اپنے صدر سجاد غنی لون کو شمالی کشمیر سے لوک سبھا کا امیدوارنامزد کردیا۔ایک بیان میں پارٹی کے جنرل سکریٹری عمران رضا انصاری نے کہا کہ یہ فیصلہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ساتھ وسیع بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا” بہت خوشی کے ساتھ میں باضابطہ طور پر اعلان کرتا ہوں کہ سجاد لون نے پارٹی کے مطالبے کو مان لیا ہے، وہ بارہمولہ پارلیمانی سیٹ سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتی ہے اور انہیں یقین ہے کہ پارلیمنٹ کے فلور پر عوام کے منصفانہ مقصد کی وکالت کرنے والی زبردست تقریریں 7 دہائیوں کے تکلیف دہ انتظار کے بعد آخرکار سجاد لون ہی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو آخرکار گرجنے کا موقع ملے گا۔