شمالی کشمیر میں17امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل

 اشرف چراغ +عازم جان +ظفر اقبال+مشتاق الحسن

سرینگر//اسمبلی الیکشن 2024کے سلسلے میں کپوارہ سے نا صر اسلم وانی، ہندوارہ سے چودھرمی محمد رمضان ، ترہگام سے میر سیف اللہ، میر محمد فیاض کپوارہ سے ،ایڈوکیٹ آزاد پرواز ہندوارہ سے ،جاوید احمد میرآزاد امیدوار ترہگام اسمبلی حلقہ سے،بانڈی پورہ سے عثمان مجید ، پرنس پرویز ، ڈاکٹر غلام مصطفی خان،مشتاق احمد تانترے ، یاسر ریشی ،قوام الدین ، امتیاز پرے،بارہمولہ حلقہ انتخاب سے جماعت کے عبدالرحیم شالہ، اوڑی سے ڈاکٹر سجاد شفیع ،ارشاد رسول کار نے سوپور،فاروق احمد شاہ نے حلقہ انتخاب گلمرگ سے کاغذات نامزدگی داخل کئے ۔کپوارہ میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمر عبد اللہ اور رکن پارلیمان سرینگر آغا رو ح اللہ کی موجودگی میں پارٹی کے کپوارہ اسمبلی حلقہ کے امیدوار نا صر اسلم وانی نے،ہندوارہ اسمبلی حلقے کیلئے پارٹی کے نامزد امیدوار چودھری محمد رمضان نے اور میر سیف اللہ نے حلقہ انتخاب ترہگام ،ڈاکٹر سجاد شفیع نے اوڑی اور ارشاد رسول کار نے متعلقہ ریٹرننگ افسروں کے پاس اپنے نامزدگی فارم داخل کئے ۔

 

اس موقع پر مذکورہ امیدواروں کے ساتھ کارکنو ں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔نامزدگی فارم جمع کرنے کے بعد ان لیڈران نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے دور حکو مت میں کپوارہ ضلع میں جو تعمیر و ترقی ہوئی ا س کی مثال کہیں نہیں ملے گی ۔اس دوران پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے کپوارہ اسمبلی حلقہ کے نامزد امیدوار میر محمد فیا ض نے کپوارہ میں ریٹرننگ افسر کے دفتر میں نامزدگی کاغذات داخل کئے۔ ان کے ساتھ ان کے حامی بھی تھے۔ ہندوارہ سے پی ڈی پی نامزد امیدوار ایڈوکیٹ آزاد پرواز نے اپنے کا غذات نامزدگی داخل کئے ۔ادھر آزاد امیدوار ترہگام اسمبلی حلقہ جاوید احمد میر نے بھی ترہگام اسمبلی حلقہ سے بطور آزاد امیدوار اپنے کا غذات نامزدگی فارم داخل کیا ۔جماعت اسلامی کے سابق رکن عبدالرحمان شالہ نے بدھ کے روز بارہمولہ حلقہ انتخاب سے آزاد امید وار کے طور کاغذات نامزدگی جمع کئے۔ادھر بانڈی پورہ ضلع کے حلقہ بانڈی پورہ میں حصہ لینے کیلئے سات امیدواروں نے ڈپٹی کمشنر دفتر میں نامزدگی فارم داخل کئے ۔ فارم داخل کرنے والوں میں عثمان مجید بحیثیت آزاد امیدوار ،عوامی اتحاد پارٹی کے پرنس پرویز ،اپنی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر غلام مصطفی خان( روحانی بزرگ باجی خاندان سے تعلق رکھنے والے ڈی ڈی سی ممبر) ،سابق سرپنچ مشتاق احمدتانترے شامل ہیں ۔ادھر حلقہ سوناواری سے عوامی اتحاد پارٹی کے نامزد امیدوار یاسر ریشی ،آزاد امیدوار قوام الدین اور اپنی پارٹی کے امتیاز پرے نے کاغذات نامزدگی جمع کئے۔