شمالی کشمیر میں حفاظتی صورتحال کا جائزہ

  بارہمولہ // فیاض بخاری// ڈی آئی جی شمالی کشمیر سوجیت کمارنے ضلع پولےس لائےز بارہمولہ مےں اتوار کو سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ سماجی دوری کے اصولوں اور دیگر کوویڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے منعقد کی گئی ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولےس شمالی کشمےر نے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے سینئر پولیس ،سی اے پی ایف اور آرمی افسران کے ساتھ سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور ضلع میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ضلع میں منشیات کی لعنت سے نمٹنے میں بارہمولہ پولیس کے کردار کو بھی سراہا اور امن برقرار رکھنے میں تمام افسران کی محنت کو سراہا اور افسران پر زور دیا کہ وہ ضلع میں پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے چوکس رہیں۔ قوم دشمن عناصر علاقے میں امن و استحکام کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فورسز کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ قوم دشمن عناصر کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ سیکیورٹی گرڈ کو مضبوط کریں اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کا مقابلہ کرنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔