شفیق میر پنچایت کانفرنس کے دوبارہ سے چیئر مین منتخب

جموں //شفیق میر آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کے دوبارہ سے چیئر مین منتخب ہو گئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں ریاست کی سرمائی راجدھانی میں انتخابات کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام اضلاع کے منتخب سرپنچوں اور پنچوں نے شرکت کی ۔ان سرپنچوں اور پنچوں نے اتفاق رائے سے شفیق میر کو آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کا چیئر مین منتخب کیا ۔اس سے قبل بھی موصوف پچھلے پنچایتی دور میں بھی پنچایت کانفرنس کے چیئر مین رہ چکے ہیں ۔اس موقعہ پر آفتاب احمد بیگ کو صوبائی صدر کشمیر جبکہ ارون کمار شرما کو صوبائی صدر جموں نامزد کیا گیا۔اسی دوران 16اضلاع کے ضلع صدر بھی نامزد کئے گئے جن کو ضلع میں نئی باڈی تشکیل دینے کے اختیارات بھی دیئے گئے ہیں ۔اپنی خطاب میں شفیق احمد میر نے کانفرنس کے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کی کارکر دگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کی مشترکہ کوششوں کی مدد سے ریاسی میں پنچایتی انتخابات منعقد ہو ئے ہیں ۔انہوں نے سابقہ ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سیاسی مفاد کی خاطر سرپنچوں کے انتخابات اور پنچایتی راج ایکٹ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کی جانب سے مرکزی حکومت سے رجوع کیا گیا ۔انہوں نے پنچایتی نمائندوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس پنچایتی نظام اور جمہوریت کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے اپنا رول ادا کر تی رہے گی ۔انہوں نے سرپنچوں اور پنچوں کو زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ عوامی مسائل کو اجا گر کر نے اور ان کے حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں ۔