شدید سردی، دھند اور کہرے کا موسم جاری| 9دسمبر کو بھاری برفباری کا امکان نہیں اگلے 15روز میں بڑی موسمی تبدیلی نہ آنے کی پیش گوئی

پرویز احمد

سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ میں منگل کو شدید سردی کے ساتھ کئی مقامات پر دھند اور کہر کا سلسلہ جاری رہا۔پہلگام سب سے سرد مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 10 سے 15 دنوں کے دوران موسم کی کوئی خاص سرگرمی متوقع نہیں ہے۔ کمزور مغربی ہوائوں کا اثر 9 دسمبر کو جموں و کشمیر کو متاثر کرسکتا ہے۔اس کے زیر اثر میدانی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے اور اونچے علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری کی توقع ہے۔

 

زیادہ تر سرگرمی بانڈی پورہ، گاندربل اور اننت ناگ اضلاع کے ساتھ ساتھ کپواڑہ ضلع کے چند اونچے علاقوں میں دیکھی جائے گی۔میدانی علاقوں میں برفباری کے امکانات بہت کم ہیں اور ہو سکتا ہے کہ میدانی علاقوں میں ہر جگہ بارش نہ ہو۔جموں کے علاقے میں کسی اہم سرگرمی کی توقع نہیں ہے، حالانکہ چند مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔کرگل ضلع میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری کا امکان ہے۔ لیہہ ضلع میں، چند مقامات پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں منفی 2.2 ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ میں منفی 3.4 ، کوکرناگ میں منفی 1.4 ، گلمرگ میں منفی 3.5 اور کپواڑہ میں پارہ منفی 2.7 ڈگری طے ہوا۔جموں میں 7.3 ،بانہال میں منفی 0.6 ، بٹوٹ میں 3.1، کٹرا 7.8 اور بھدرواہ میں 1.0 ریکارڈ کیا گیا۔ لیہہ میں منفی 8.0 اور، کرگل میں منفی 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔