شدید برفباری کے بعد معمولات بحال

سرینگر // موسمی صورتحال میں قدرے بہتری آنے کے بعدجمعرات کووادی،خطہ پیرپنچال اوروادی چناب میں معمولات زندگی جزوی طورپر بحال ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے 28فروری تک موسم جوں کا توں رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔اس دوران بادامی باغ میں برف جمع ہونے سے ایک شیڈ گر گیا جس سے ایک فوجی اہلکار کی موت ہوئی جبکہ چرچ لین سونہ وار میں ایک سینئر سرکاری عہدیدار کے ہٹ پر چنار کی ٹہنی گر گئی جس سے سرکاری کوارٹر کو نقصان پہنچا۔بادامی باغ فوجی ہیڈکوارٹر سرینگر میںجمعرات کی سہ پہر ایک شیڈ گرنے سے ایک فوجی اہلکار کی موت ہو گئی۔عہدیداروں نے  بتایا کہ فوجی کی شناخت الطاف احمد ولد محمد عمر ساکن کرنا ٹک کے طور پر ہوئی ہے۔ شدید برفباری کی وجہ سے شیڈ گرنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔ عاطف کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ادھر چرچ لین سونہ وار میں ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کی کوٹھی پر دوران شب چنار کے درخت کی ٹہنی گر گئی جس سے کوٹھی کو شدید نقصان پہنچا۔دریں اثناء منگل اوربدھ کی درمیانی رات اورپھربدھ کے روزہونے والی بھاری برف باری اوربارشوں کے نتیجے میں بدھ کوپورے دن وادی،خطہ پیرپنچال اوروادی چناب میں معمول کی سرگرمیاں اوربجلی وٹرانسپورٹ سمیت اہم خدمات ٹھپ رہیں ۔تاہم موسمی صورتحال میں قدرے بہتری آنے کے بعدجمعرات کو معمولات زندگی جزوی طورپر بحال ہوگئے ۔تاہم سڑکوں ،گلی کوچوں ،چوراہوں اوربازاروں میں جگہ جگہ برف کے ڈھیر اورپانی جمع ہونے سے لوگوںکوعبورومرورمیں سخت دشواریوںکاسامنا کرناپڑا۔علاوہ ازیں سڑکوں پر برف جمع ہونے اور پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے وادی کے دور افتادہ علاقوں کا اپنے اپنے ضلع صدر مقامات کے ساتھ بھی زمینی رابطہ منقطع رہا تھا۔ کرناہ ، کیرن اور مژھل کی سڑکیں بند ہیں ۔ شوپیاں کو ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے جبکہ وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ بھی ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے مسلسل بند ہے۔ گریز بانڈی پورہ اور سنتھن اننت ناگ کی سڑکیں بھی پہلے سے ہی بند پڑی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ آج اور کل جموں وکشمیر کے کچھ ایک علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشیں ہو سکتی ہے ۔