شدید برفباری سے ثمر آور درختان کو نقصان

ڈوڈہ//خطہ چناب مختلف علاقہ جات میں حالیہ دنوں کی بارشوں اورشدید برفباری سے جہاں ایک طرف پانی وبجلی کی ترسیلی لائن کو نقصان ہوا ہے ۔ وہیں دوسری طرف ضلع ڈوڈہ میں پھل دار درخت ٹوٹ کر نقصان زدہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پینے کے پانی کی سپلائی لائن ڈولو، بیلی گوجربستی مڈل، کلٹھو بھلیس، مرمت، گندنہ، آسلی ماسری، میں نقصان شدہ ہیں جس سے ان علاقہ جات میں پانی کی عدم دستیابی ہے۔جبکہ برف باری میں مختلف دیہات کو جانے والی بجلی کی ترسیلی لائن بھی بجلی کے کھمبوں سے گر گئی ہیں۔ اگرچہ کئی علاقہ جات میں محکمہ بجلی کے ملازمین نے ان کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا تھا مگر ابھی بھی کئی علاقہ جات میں بجلی کی ترسیلی لائنوں کی بحالی نہیں کیا گیا ، جس کی وجہ سے ان دیہات میں بجلی کی نظام درہم برہم ہوا ہے ان علاقہ جات میں کاستی، دھندل، گرمل، لاڑی، پوتی، منڈھار ، شاٹھی ٹاپ نیل، راج گڈھ،گندنہ، مرمت ، کوٹی، شان ، نران بھرت وغیرہ شامل ہے، ان میں ابھی تک بجلی کی نظام ٹھپ ہے اور سردی کے ان ایام میں یہاں کی مقامی آبادی کو بڑی مشقتوں کا سامنا ہے ۔ مختلف علاقہ جات کے وفود نے بتایا کہ سخت ترین برف باری میں ان کے میوہ جات میں پھل دار درختوں کو زبردست نقصان پہنچا اور سینکڑوں درخت برف سے ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے میوہ صنعت سے وابستہ افراد کے روزگار کو شدید دھچکہ لگا ہے ، انہوں نے حکام سے پھل دار درختوں کو نقصان کے عوض معقول معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جن علاقہ جات زیادہ نقصان ہوا ہے ان میں کھوٹی، پستی، ہاشا، بڑسی ، پھاگواہ، بچارنی ، منڈول، گوگواہ، گندنہ ، لڈنہ ، باشی، میر یور لڈانہ، پونیالہ، گرھتر، کلی بانڈ ، بھگلہ بھرت ، چھلترن اُدھیانپور سیل، ٹھاٹھری ، بھدرواہ وگندوبھلیس کے بعض علاقہ جات شامل ہیں، جہاں باغات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ سابق وزیر عبدالمجید وانی، خالد نجیب سہرورد ی سابق ایم ایل اے، محمد اقبال بٹ بھلیسوی اور پی ڈی پی لیڈر شہاب الحق بٹ نے برف باری سے ہوئے مالکان باغات کو نقصانات کے عوض معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دریں اثناءکل صبح کی شدید برف باری سے پوری وادی چناب میں پارہ گرنے اور برفیلی ہوائیں چلنے سے پورا خطہ سردی کی شدید لپیٹ میں ہے اور نچلے علاقوں میں سردی میں ایک دم اضافہ ہوا ہے۔