زاہد بشیر
گول// گزشتہ روز سے گول وملحقہ جات میں شدید ژالہ باری و بارشوں کی وجہ سے ایک درجن کے قریب رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ سڑکوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہو گئی ، آبِ نکاس نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی زرعی اراضی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔ وہیں اس دوران گول رام بن شاہراہ چھپرن کے مقام پر نالہ میں طغیانی کی وجہ سے بندرہی جبکہ گول سے لگنے والے دوسرے لنک روڈ بھی اس شدید بارش کی وجہ سے بند رہے ۔ گزشتہ شام سے لگا تار بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کی سی صورتحال بنی رہی اس دوران گول بازار میں سناٹا چھایا رہا ۔ سڑکیں تالاب اور ندی نالوں کی شکل اختیار کر گئیں اور تمام پانی بستیوں میں آیا جس وجہ سے لوگوں کو شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑا ۔ مختلف علاقوں سے ٹیلیفون کال جو موصول ہوئی ہیں تمام لوگوں نے ایک جیسی بات جو کہی وہ یہ کہ محکمہ تعمیرات عامہ ہو یا پی ایم جی ایس وائی دونوں محکموں نے سڑکوں کی تعمیر کے دوران آبِ نکاس کا کوئی خیال نہیں رکھا جہاں بستیوں کا پانی چار پانچ جگہوں پر تقسیم ہوا کرتا تھا وہیں محکمے نے آدھ کلو میٹر دور ایک ہی جگہ پانی کو ڈالا جس وجہ سے پانی کا بھائو زیادہ اور تیز ہو گیا اور آگے پانی کا راستہ نہیں تھا اور اراضی کو شدید نقصان ہوا ۔
وہیں محکمہ موسمیات کی جانب سے اگر چہ کچھ روز قبل ہی جموںو کشمیر میں شدید بارشوں کی پیشن گوئی دی تھی لیکن اس کے با وجود ان محکموں نے سڑک کی نالیوں کو ٹھیک نہیں کیا ، جہاں نئی تعمیر ہو رہی تھی وہاں پر بھی کچھ نہیں کیا ۔ انہیں اس چیز سے کوئی واسطہ نہیں کہ غریب عوام کو کوئی نقصان ہو جائے بلکہ محکمہ اور ٹھیکیداروں کو چاہئے کہ وہ اس ٹھیکے میں زیادہ سے زیادہ رقوم کو کیسے بچائیں ۔ نالیوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ،وہیں دوسری جانب کچھ لوگوں کی خود غرضی اور بے حس لوگوں نے مہینوں بھر سے سڑک کے کنارے تعمیراتی میٹریل ڈال کر رکھا جس وجہ سے نالیاں بند ہوئیں بارشوں کا پانی سڑکوں میں آیا اور وہی پانی بستیوں اور زرعی اراضی میں گیا اور لوگوں کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑا۔ دو روز سے لگا تار شدید بارشوں سے جن لوگوں کے رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ان میں امتیاز احمد ولد احمدو بیگ ساکنہ کلی مستا، علاقہ داچھن میں علی محمد کھٹانہ، ہارون احمد بیگ ساکنہ ، طارق احمد بٹ ساکنہ ڈوگن کے مکان پر درخت گرا ، عبدالرشید ساکنہ تنگالی، غلام علی شیخ ساکنہ گاگرہ ،محمد شریف گوجر ساکنہ مہا کنڈ ، غلام عباس تراگوال ساکنہ اندھ، محمد رفیع گنڈی گاگرہ، جمال الدین سہمت ساکنہ گاگرہ،ادھر گورنمنٹ مڈل سکول دلواہ کی چھت پر ایک درخت گرنے کی وجہ سے دو کمرے مکمل طو رپر تباہ ہو گئے ہیں ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ بارشوں سے قبل انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کو ہدایت دیں کہ وہ سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نالیوں کو بہتر بنائیں تا کہ اس طرح سے آئندہ غریب عوام کو نقصان نہ اُٹھانا پڑے ۔