شب معراج کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

 تھنہ منڈی //جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال میں شب معراج انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔اس موقع پر مساجد میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ موقع کی مناسبت سے مساجد اور خانقاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا جبکہ متعدد مزارات پہ چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں قصبہ تھنہ منڈی اور مضافات کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں چراغاں کیا گیا۔ خواتین اسلام نے گھروں میں خصوصی رات کی مناسبت سے عبادتی اجتماعات منعقد کئے جبکہ مردوں نے تمام رات مساجد میں نوافل کی ادائیگی کے ساتھ گزاری اور ملکی استحکام اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ شب معراج کے موقع پر فرزندان توحید نے خالق حقیقی کے حضور سجدہ ریز ہو کراس کی کبریائی و بڑائی بیان کی، خصوصی نوافل ادا کئے، درود و وظائف کا اہتمام کیا اور ذکر کی محافل میں شرکت کی۔ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام، مفتیان کرام اور مذہبی اسکالروں نے شب معراج کے حوالے سے اپنے خصوصی خطاب میں اس رات کی فضیلت بیان کی، واقعہ معراج شریف کا تفصیلی ذکر کیا اور نبی آخرالزماں کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ انھوں نے اپنے خصوصی خطاب میں نماز کی پابندی پہ زور دیتے ہوئے کہا کہ نماز وہ ’تحفہ‘ ہے جو خالق کائنات نے اس وقت رحمت اللعالمین کو دیا جب انہیں عرش بریں پہ بلایا۔ واضح رہے کہ دنیا بھر کے مسلمان ہر سال اسلامی کیلنڈر کی 27ویں رجب المرجب کی رات شب معراج مناتے ہیں۔