شب قدر،جمعتہ الوداع اورعید الفطر کے سلسلے میں انتظامات

سرینگر//شب قدر،جمعتہ الوداع اورعید الفطر کی تقریبات کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے صوبائی کمشنر بصیر احمد خان نے صوبائی انتظامیہ کے آفیسران کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ کا انعقاد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر،ناظم رسدات،امور صارفین وعوامی تقسیم کاری ،ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر،ناظم صحت ،ڈی آئی جی پولیس اور ایس ایس پی ٹریفک کے علاوہ مختلف محکموں کے آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اُدھر صوبائی کمشنرنے وادی کے مختلف اضلا ع کے ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ لیہہ اورکرگل کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ منعقد کرکے آنے والی اہم تقریبات کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی۔میٹنگ کے دوران عوام کو دستیاب لازمی سہولیات ،خصوصاً اشیائے خوردنی کی اطمینان بخش دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے فوڈ سیفٹی ،سی اے پی ڈی،سرینگر میونسپل کارپوریشن اورلیگل میٹرالوجی محکمہ کو مارکیٹ چیکنگ میں مزےدسرعت لانے کی ہدایت دی ۔سی اے پی ڈی کے ناظم نے میٹنگ میں بتایا کہ وادی میں اشیائے خوردنی کا وافر سٹاک موجود ہے۔جب کہ صارفین کو کھانڈ کا اضافی کوٹا فراہم کیا جارہا ہے۔صوبائی کمشنر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنر وں کو متعلقہ اضلاع میں اشیائے خوردنی کی منصفانہ فراہمی اور کھانڈ کے اضافی کوٹا کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے اےس ایم سی پر شہر سرینگر کے مختلف علاقوں کے علاوہ مساجد ،خانقاہوں ،زیارتگاہوں اورعیدگاہوں میں صفائی ستھرائی پر ٹھوس توجہ مبذول کرنے پر زوردیا۔جب کہ محکمہ بجلی کو بلاخلل بجلی کی سپلائی اور اہم مقامات پر اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی ہدایت دی گئی۔صوبائی کمشنر نے ایس آر ٹی سی کو تقریبات کے دوران ٹرانسپورٹ کا معقول انتظام یقینی بنانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ آر ٹی او کشمیر وادی میں ٹرانسپورٹ خدمات کی نگرانی کریںگے۔انہوںنے کہا کہ شہر میں ٹریفک جامنگ سے نمٹنے کے لئے ایک ٹریفک پلان ترتیب دیا جارہا ہے۔صوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو امن وقانون کی برقراری کے لئے مناسب اقدامات کرنے پر زوردیا ۔انہوںنے ترقیاتی کمشنروں کو عوامی دربارمنعقد کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ انتظامیہ لوگوں کی دہلیز تک پہنچ سکے۔اُدھر شوپیان ،پلوامہ ،گاندربل ،بارہمولہ اور بڈگام اضلاع میں بھی متعلقہ ترقیاتی کمشنروں اور دیگر افسران کی میٹنگ میں شب قدر،جمعتہ الوداع اور عید الفطر کے سلسلے میںانتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔