شبیر احمد شاہ کی ضمانت سماعت2اپریل تک ملتوی

سرینگر// دہلی کی ایک عدالت نے سنیئر مزاحمتی لیڈر شبیر احمد شاہ کے ایک دہائی قبل رقومات سے متعلق کیس کے ضمانت شنوائی2اپریل تک ملتوی کی۔ شبیر احمد شاہ کی ضمانتی درخواست ایڈیشنل سیشن جج ستیش کمار آرورا کے سامنے پیش کی گئی،جبکہ عدالت نے18فروری کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے شبیر احمد شاہ کی ضمانت سے متعلق ردعمل طلب کیا تھا۔2007کے اس کیس میں شریک ملزم محمد اسلم وانی کو دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت دینے کی بنیاد پر شبیر احمد شاہ کی ضمانتی عرضی عدالت میں پیش کی گئی تھی۔عرضی میں کہا گیا تھا کہ شبیر احمد شاہ کو غلط طریقے سے اس کیس میں پھنسایا گیا۔شبیر احمد شاہ جو فی الوقت دہلی کے تہاڑ جیل میں گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے سے مقید ہے،نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ وانی کو پہلے ہی ضمانت دی گئی گئی،اور اس کیس میں انکے خلاف ثبوت ناکافی ہیں۔ دریں اثنا شبیر احمد شاہ کی اہلیہ اور انکے وکیل کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دونوں تہار جیل گئے تھے تاہم حکام نے انہیں ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی۔