شبانہ درجہ حرارت میں کمی،ہلکی بارشوں کی پیش گوئی

سرینگر/اشفاق سعید / محکمہ موسمیات نے خراب موسم کی پیشگوئی کی ہے اور اگلے 24گھنٹوں میں کچھ مقامات پر ہلکی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 19 فروری تک موسم خراب رہے گا ۔20 روزہ چلہ خورد کا دور اختتام ہونے کو ہے اور چلہ بچہ کے آغاز تک کہیں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں معمولی برفباری کا امکان ہے۔ جمعرات کو دن بھر دھوپ کھلی رہی البتہ شام کے بعد سرینگر سمیت شمال وجنوب میں موسم ابرآلود ہوا اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چلنے لگیں ۔ مطلع ابرآلود رہنے کے نتیجے میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب درجہ حرارت 0.0 ڈگری ریکارڈ ہوا ۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.3 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب منفی7.0 تھا۔اسی طرح قاضی گنڈ میں منفی2.0ڈگری ،پہلگام میں منفی4.5 ،کپوارہ میں منفی2.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔