شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان

سرینگر// سردی کی شدت میں روز افزوں ہورہے اضافے کے باعث وادی کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڑ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق رات کو مطلع صاف رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرتا ہے ۔ لیہہ لگاتار ریاست کی سرد ترین جگہ بنی ہوئی ہے جہاںکم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا ۔ سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیاجبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا ۔ ریاست کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں م سے کم درجہ حرارت منفی 3.6ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا ۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے ریاست میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں موسم عام طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سردی کی شدت کا مقابلہ کرنے کیلئے اتوار کے روز روایتی سنڈے مارکیٹ میں گرم ملبوسات خریدنے کیلئے لوگوں کا سیلاب اُمڈ آیا تھا ۔ اور مارکیٹ میں صبح سے لیکر شام تک کافی بھیڑ دیکھی گئی ۔ گرم ملبوسات خریدنے والوں میں امیر وغریب ، مرد وزن اور صغیر وکبیر کو دیکھا گیا جو اپنی اپنی پسند کے گرم ملبوسات خرید رہے تھے ۔